ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باوٴلر فرینکلن روز کو نیوزی لینڈ سے ڈی پورٹ کردیا گیا ، ویزے کی میعاد 2012 میں اختتام کو پہنچی تھی اور وہ 2014 میں ملک بدری کے احکامات جاری ہونے تک آکلینڈ اسکول میں رضاکارانہ طورپر کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے، ایمیگریشن کے وزیر کریگ فوس کی جانب سے ان کی اپیل کو مسترد کئے جانے کے بعد آکلینڈ سے جمیکا روانہ کردیا گیا

بدھ 13 اپریل 2016 10:02

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13اپریل۔2016ء) ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باوٴلر فرینکلن روز کو ورک ویزے پر مقررہ معیاد سے زیادہ وقت گزارنے پر پانچ ہفتے گرفتار رکھنے کے بعد نیوزی لینڈ سے ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔44 سالہ سابق فاسٹ باوٴلر فرینکلن روز نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 19 ٹیسٹ اور 27 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے، انھیں 2011 میں آکلینڈ یونیورسٹی کلب کی کوچنگ کی غرض سے ورک ویزا جاری کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ نیوزی لینڈ میں رہائش پذیر تھے۔

(جاری ہے)

ان کے ویزے کی میعاد 2012 میں اختتام کو پہنچی تھی اور وہ 2014 میں ملک بدری کے احکامات جاری ہونے تک آکلینڈ اسکول میں رضاکارانہ طورپر کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔روز 4 مارچ کو آکلینڈ کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش ہوئے تھے اور تب سے وہ آکلینڈ کے ماوٴنٹ ایڈن جیل میں گرفتار تھے۔ ایمیگریشن کے وزیر کریگ فوس کی جانب سے ان کی اپیل کو مسترد کئے جانے کے بعد انھیں منگل کو آکلینڈ سے جمیکا روانہ کردیا گیا۔فرینکلن روز نے ٹیسٹ میں 53 اور ون ڈے میں 29 وکٹیں حاصل کیں اور اپنا آخری ٹیسٹ میچ اگست 2000 میں انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں جبکہ آخری ایک روزہ میچ انگلینڈ ہی کے خلاف 20 جولائی 2000 کو نو ٹنگھم کے میدان میں کھیلا۔