سپریم کورٹ ،ریاست مخالف پمفلٹ تقسیم کرنے والے ملزم کی ضمانت منظور، بتایا جائے قرآنی آیات والے پمفلٹ سے ریاست کیسے متاثر ہو سکتی ہے،جسٹس اعجاز افضل

بدھ 13 اپریل 2016 09:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13اپریل۔2016ء) سپریم کورٹ نے ریاست مخالف پمفلٹ تقسیم کرنے والے ملزم عبداللہ کی ضمانت تین لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے جبکہ دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے دو رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے کہا ہے کہ پمفلٹ تقسیم کرنے والوں کے خلاف تو کارروائی کی گئی ہے پمفلٹ فروخت رکنے والوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی ۔

کیا ممنوعہ لٹریچر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضروری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا جائے قرآنی آیات والے پمفلٹ سے ریاست کیسے متاثر ہو سکتی ہے منگل کے روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل مجاہد خان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبداللہ کو القاعدہ کے حق اور ریاست مخالف پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے دسمبر 2015 میں گرفتار کیا گیا ہے ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرا موکل سرکاری ملازم ہے تقسیم کیا گیا جو مواد برآمد ہوا ہے وہ پشاور کی حیات آباد مارکیٹ میں سرعام فروخت کیا جاتا ہے پمفلٹ پر جو تحریر لکھی گئی ہے وہ پہلے سے بہت سی کتابوں میں موجود ہے میرے موکل کی ضمانت منظور کی جائے ۔

عدالت نے تین لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم عبداللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم صادر فرمادیا ۔

متعلقہ عنوان :