نوشہرہ،وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کے آبائی ضلع میں حواکی ایک اور بیٹی تیزاب گردی کا نشانہ بنادی گئی، جوانسالہ لڑکی تشدد ، پھانسی اور تیزاب گردی کے باعث موت کی آغوش میں چلی گئی ،اکوڑہ خٹک پولیس نے روایتی تفتیش شروع کردی

بدھ 13 اپریل 2016 09:20

نوشہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13اپریل۔2016ء)وزیر اعلی خیبرپختونخواہ کے آبائی ضلع نوشہرہ میں حواکی ایک اور بیٹی تیزاب گردی کا نشانہ بنادی گئی جوانسالہ لڑکی تشدد ، پھانسی اور تیزاب گردی کے باعث موت کی آغوش میں چلی گئی اٹھارہ سالہ لاوارث دوشیزہ کی لاش شناخت کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ میں رکھ دی گئی۔اکوڑہ خٹک پولیس نے روایتی تفتیش شروع کردی ، اکوڑہ خٹک پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مغلکئی میرہ کے کھیتوں میں ایک لڑکی کالاش پڑی ہے پولیس نے جائے وقوعہ پہنچی تو خوبصورت پھولدار جوڑے میں ملبوس اٹھارہ سالہ خوبرو دوشیزہ تیزاب گردی سے قتل شدہ حالت میں پڑی تھی جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرہسپتال پہنچائی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نامعلوم دوشیزہ کو جان سے مارنے سے پہلے بے پناہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے جسم پر تیزاب ڈال دیا گیا تھا جس سے اس کا چہرہ اور جسم کا ایک حصہ مسخ ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

تیزاب کی مقدار اتنی زیادہ تھی کہ اس کا چہرہ، ہاتھ اور سر مکمل طور پر جل کر راکھ میں تبدیل ہوگئے اور تیزاب گردی کے ساتھ ساتھ پھانسی بھی دی گئی ۔ پولیس کرائم سیل کے سب انسپکٹر نے خبر رساں ادارے کوبتایا کہ مقتولہ کی لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ لاش شناخت کے لیے ڈی ایچ کیو کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہے اور پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے واضح رہے کہ ضلع نوشہرہ کے آٹھ پولیس سٹیشنوں کے حدود سے گزشتہ دو ماہ کے دوران بیس سے زائد خواتین یا تو اغواء کی گئیں یا اپنا گھر بار چھوڑ کر بھاگ چکی ہیں جو کہ تاحال لاپتہ ہیں جبکہ پولیس کی تفتیشی ٹیمیں کوئی پیش رفت نہیں کرسکیں اور کسی بھی جگہ سے اغواء ہونے والی خواتین کو بازیاب نہیں کرائی جاسکیں۔

وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خان خٹک کے حلقے میں تیزا ب گردی کے واقعات میں خواتین کے جھلس جانے کی ورداتیں بڑھ چکی ہیں اس سے قبل پبی میں ایک ٹی وی فنکارہ کو بھی تیزاب گردی کا نشانہ بناکر چہرہ مسخ کیا گیا تھا۔ اداکارہ پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کا تعلق پی ٹی آئی سوات سے تھا۔ جس کی تاحال گرفتاری نہ ہوسکی ہے۔

متعلقہ عنوان :