تحریک انصاف کی پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک میں پیپلز پا رٹی کو بھی شمو لیت کی دعوت ، پی پی نے تعا ون کا عندیہ دیدیا ،پانامہ لیکس،جماعت اسلامی کا وفاقی حکومت کیخلاف مہم کا حصہ بننے فیصلہ،چیف جسٹس کی سربراہی میں خود مختار کمیشن بنایا جائے جس میں فرانزک آڈٹ ماہرین شامل ہوں،سراج الحق،سراج الحق،شاہ محمود قریشی ملاقات،موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال بالخصوص پاناما لیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال

بدھ 13 اپریل 2016 09:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13اپریل۔2016ء)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف ،پیپلز پارٹی اور دوسری اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پانامہ لیکس کے معاملے پر وفاقی حکومت کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کا حصہ بننے فیصلہ کر لیا ہے،اور مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ایک خود مختار کمیشن بنایا جائے جس میں فرانزک آڈٹ کے ماہرین شامل ہوں۔

منگل کے روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال بالخصوص پاناما لیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کی جس میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی قیادت سے مثبت بات چیت ہوئی،چےئرمین تحریک انصاف عمرا ن خان قوم سے کہتے تھے کہ حکمرانوں کی ملک کے باہر جائیدادیں ہیں جس کی تصدیق کئی سالوں بعد اب پانامہ لیکس نے کر دی ہے،انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کروانے کے لیے حکومت کی طرف سے بنائے جانے والے کمیشن کو اپوزیشن مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کرے اور کمیشن میں فرانزک آڈٹ کے ماہرین کو بھی شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جلسہ ہر صورت کریں گے،14اپریل کو مارچ نہیں یوم تاسیس ہے جوڈی چوک پر نہیں ہو گا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس نے ملک کو لوٹ کراثاثے بنانے والے حکمرانوں کا بھانڈا پھوڑا ہے،یہ ایسی کرپٹ اشرفیہ جو ملک کو لوٹ کر دولت بنا تی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکے خاندان پر الزامات افسوسناک ہیں،ملک میں معاشی دہشتگردی بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے،معاشی دہشتگردی نے قوم کو مقروض اور ہر فرد کی جیب میں ہاتھ ڈال کرلوٹا ہے،انہوں نے کہا کہ معاشی دہشتگردی سے 20کروڑ عوام متاثر ہوئے ہیں،حکومت نے پاناما لیکس کے معاملے پر مک مکا کی کوشش کی ہے،لیکن اب انکا ساتھ کوئی نہیں دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 23اپریل کو پشاور میں پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کے خلاف احتجاجی جلسہ کرے گی۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک میں پیپلز پا رٹی کو بھی شمو لیت کی دعوت دیدی ذرا ئع کے مطا بق پی ٹی آ ئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے گزشتہ روز یہا ں ملاقات کی ملاقات میں سینیٹر اعتزاز احسن ، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سینیٹر سلیم مانڈی والا شریک تھے ۔

ملاقات میں پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک میں شرکت کرنے کے لئے شاہ محمود قریشی نے پی پی پی کے رہنماؤں کو دعوت دی جبکہ ملاقات میں پانامہ لیکس کے معاملات پر حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر غور کیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پی ٹی آئی کے راہنما شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پی پی پی کے رہنماؤں اعتزاز احسن ، خورشید شاہ اور سلیم مانڈی والا سے ملاقات کی اور پاکستان پیپلزپارٹی کو پانامہ لیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کی خواہش کی ملاقات میں پانامہ لیکس اور حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ہم ایک پلیٹ فارم پر ہیں معاملات کی تحقیقات کے لئے صاف اور شفاف کمیشن تشکیل دیں حکومت اس معاملے پر سیخ پا نہ ہو نواز شریف کے لئے بہتر ہو گا کہ خود کو پیش کرے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے ۔

یہ تمام چیزیں بین الاقوامی سطح کے دستاویزات میں سامنے آئی ہیں صرف نواز شریف پر دباؤ نہیں ہے بلکہ برطانوی وزیر اعظم پر بھی دباؤ ہے انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے تحریک التواء کسی اخبار یا رسالے سے بنا کر پیش نہیں کی عمران خان پارلیمنٹ کو مانتے ہیں اسی لئے وہ واپس آئے ہیں ۔ سینیٹر چودھری اعتزاز احسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پانامہ لیکس کے معاملات کے خلاف تحریک میں پی پی پی کو اعتماد میں لینے پر پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں شاہ محمود قریشی سے اچھے اور مثبت انداز میں بات چیت ہوئی ملاقات کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے اور آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے یہ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ قوم اور ملک کا ہے ۔