پاناما لیکس میں نام آنے پر ڈیوڈ کیمرون نے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کردیں ،آف شور کمپنی کے معاملے پر وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون عوام کا اعتماد کھو چکے اس لئے مستعفی ہوجائیں، اپوزیشن کا مطالبہ

پیر 11 اپریل 2016 10:12

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11اپریل۔2016ء) پاناما لیکس میں اپنے والد کی آف شور کمپنی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات کے بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کردیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے گزشتہ دو برسوں کی ٹیکس تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ لندن میں اپنے آبائی گھر کے کرائے کے 46 ہزار 899 پاوٴنڈ کا 50 فیصد حصہ لیا، 15-2014 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ پاوٴنڈ آمدن حاصل ہوئی جس میں سے 76 ہزار پاوٴنڈ ٹیکس ادا کیا۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ اس مسئلے سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کی جانب سے اپنی ٹیکس تفصیلات جاری کرنے کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے ان کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر جرمی کاربن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈیوڈ کیمرون نے آف شور کمپنی کے معاملے پر عوام کو گمراہ کیا اس لئے وہ قوم کا اعتماد کھو چکے ہیں، انھیں مستعفی ہو جانا چاہیئے۔