پاکستان نیوی میں ضرب میزائل کی شمولیت

اتوار 10 اپریل 2016 10:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء) پاکستان نیوی نے ساحل سے بحری جنگی جہازوں کو مارکرنے والے میزائل کی لانچنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے، یہ تجربہ بحیرہ عرب میں کیا گیا اور میزائل کو ساحلی علاقے سے فائر کیا گیا جس نے سمندر میں اپنے ٹارگٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس کامیاب تجربہ سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس کامیاب تجربہ میں شامل تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہا۔ میزائل بیٹری کے عملے کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانچنگ کے اس کامیاب تجربے سے پاکستان نیوی کے جنگی اثاثوں کی صلاحیتوں میں قابل ذکر اضافہ ہو چکا ہے جو کہ پاک وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کو مزید ناقابل تسخیر بنائے گا اور خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں میزائل کی کامیاب لانچنگ کے لئے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو سراہا اور پاکستان نیوی میں ضرب میزائل کی شمولیت پر مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں ا نہوں نے کہا کہ نئے میزائل سسٹم کا عملی صورت میں آپریشنل ہونا پاکستان نیوی کی حربی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ نیول چیف نے ضرب میزائل کے کامیاب تجربے اور نیوی میں اس کی شمولیت کو نیوی کی حربی تیاریوں کیلئے مہر ِ سند اور ملک کی بحری سرحدوں کی دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں اہم قدم قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :