پرتگال،تھپڑ مارنے کی دھمکی پر وزیر کی وزارت چلی گئی

اتوار 10 اپریل 2016 11:16

لزبن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10اپریل۔2016ء)پرتگال کے وزیر ثقافت یوآن سواریش عوامی دباوٴ کے نتیجے میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے دو ناقدین کو تھپڑ مارنے کی دھمکی دی تھی، جس پر مطالبات شروع ہو گئے تھے کہ سواریش کو برطرف کر دیا جائے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پرتگیزی کلچر منسٹر یوآن سواریش کا استعفیٰ قبول کر لیا گیا ہے اور حکمران پارٹی نے ان کے اس بیان پر عوام سے معذرت بھی کر لی ہے۔

(جاری ہے)

سوشلسٹ سیاستدان سواریش کے دو ناقدین نے انہیں ’نااہل اور بدتمیز‘ قرار دیا تھا، جس پر سواریش نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا تھا کہ وہ ان دو کالم نویسوں کو ’تھپڑ مارنا‘ چاہتے ہیں۔ وزیر ثقافت کی اس ’ناشائستہ‘ پوسٹ پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔چھیاسٹھ سالہ سواریش نے عوامی ناراضی پر معافی بھی مانگ لی تھی لیکن حکمران جماعت پر دباوٴ بڑھ گیا تھا کہ وہ سواریش کو برطرف کر دے۔ سابق صدر اور وزیر اعظم ماریو سواریش کے بیٹے یوآن سواریش نئی حکومت کے پہلے وزیر ہیں، جو اپنے عہدے سے الگ ہوئے ہیں۔ موجودہ سوشلسٹ وزیر اعظم انٹونیو کوسٹا نے گزشتہ برس نومبر میں اقتدار سنبھالا تھا۔

متعلقہ عنوان :