بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کا پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ سے رابطہ، پٹھانکوٹ حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال، ٹیم کودورہ پاکستان سے روکنے سے بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر اثر پڑسکتا ہے ، اجیت دیول

ہفتہ 9 اپریل 2016 10:10

نئی دہلی /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اپریل۔2016ء) بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول نے اپنے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ کو ٹیلی فون کر کے پٹھانکوٹ ایئر بیس حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا ۔ جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول نے پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ کو ٹیلی فون کیا اور ان کے ساتھ پٹھانکوٹ ایئر بیس حملہ کی تحقیقات کے لئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بھارتی قومی سلامتی کے مشیر نے ناصر جنجوعہ کے ساتھ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے بیان کا معاملہ بھی اٹھایا اور بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا،جس میں عبد الباسطنے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عبدالباسط کے بیان کے حوالے سے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کودورہ پاکستان سے روکنے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر اثر پڑسکتا ہے ۔بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ گفتگو کے دوران ناصر جنجوعہ نے بھارت کے ساتھ امن عمل کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔