عمران خان نے اتوار کی شام کو قوم سے خطاب کا فیصلہ کر لیا’سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کو بھی ہنگامی مراسلہ جاری،پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو رائے ونڈ کا گھیراؤ کرینگے، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف

ہفتہ 9 اپریل 2016 10:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اپریل۔2016ء): پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے اتوار کی شام کو قوم سے خطاب کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کو ہنگامی مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں سرکاری ٹی وی کے منتظمین کو عمران خان کے قوم سے خطاب کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا کہ حکومتی وزرا نے پانامہ لیکس پر گمراہ کیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا کہ پی ٹی وی کے ذریعے شوکت خانم کے خلاف کھلا جھوٹ پھیلایا گیا ، پی ٹی وی پر محض شریف خاندان کا حق نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان اتوار کی شام کو 6 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رائیونڈ پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں توڈی چوک کی بجائے رائے ونڈ کے گھیراؤ کا پلان شروع کردیا ہے،وزیراعظم اور خاندان سے متعلق پانامہ لیکس کے انکشافات پر قوم کو باہر نکالوں گا،پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے پاکستان میں فیصلہ کن وقت آگیاہے،اگر حکومت نے تحقیقات نہ کروائی تو سڑکوں پر نکلنا ہوگا،10سالوں میں قرض 5ہزار ارب سے 20ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہت میں درباری جواب دیتے ہیں جبکہ جمہوریت میں حکمران خود جواب دیتے ہیں۔پی ٹی وی پاکستان کے ٹیکس سے چلتاہے ان کی جاگیر نہیں ہے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نواز شریف ذاتی معلومات کیلئے پی ٹی وی پر گئے،ہمیں بھی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول جو بھی کہیں تحریک انصاف دوسری بڑی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ 24اپریل کو اسلام آباد میں پارٹی کی سالگرہ ہوگی جبکہ اس کے بعد اب ڈی چوک نہیں بلکہ رائے ونڈ کا گھیراؤ کرینگے۔