اورنج لائن میٹروٹرین کے عوامی منصوبے کے مٹھی بھر مخالفین کیخلاف ہر محاذ پر لڑوں گا:شہبازشریف،میں جان تو دے سکتا ہوں لیکن کسی کو عام آدمی کے منصوبے میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا،عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا،اورنج لائن میٹروٹرین کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ ہر گھر کااورعام آدمی کا منصوبہ ہے ،انشاء اللہ عوام کی خاطر میٹروٹرین کا منصوبہ بنا کر رہوں گا، صوبے میں شفافیت اورمیرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے ،میری ذات کے خلاف اگر ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا، آپ کو میرے ساتھ وعدہ کرنا ہے کہ کسی کو غریب آدمی پر ظلم نہیں کرنے دیں گے،اشرافیہ کو غریب عوام کا حق چھیننے نہیں دیں گے،کسی پر ظلم برداشت نہیں کریں گے،جھوٹ بولنے والوں کو عوام سے معافی مانگنا ہوگی،وزیراعلیٰ کا لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب

جمعہ 8 اپریل 2016 09:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین عام آدمی کو سفر کی باوقار،محفوظ اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کرنے کا تاریخی منصوبہ ہے۔ غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے اورانہیں سہولتوں کی فراہمی کے مٹھی بھر مخالفین اس عظیم الشان عوامی منصوبے کی بلاجوازمخالفت کررہے ہیں- میں جان تو دے سکتا ہوں لیکن کسی کو عام آدمی کے اس منصوبے میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔

عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف عدالت میں ،پہاڑوں میں، میدانوں میں اور ہر جگہ لڑوں گا۔انشاء اللہ عوام کی خاطر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو بنا کر رہوں گا۔

(جاری ہے)

یہ ترقی اور پستی کے درمیان جنگ ہے۔خوشحالی اوربدحالی کے درمیان ،جھوٹ اورسچ کے درمیان،اشرافیہ کی غریب عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے خلاف،ظالم اورمظلوم کے درمیان جنگ ہے اورمیں اس جنگ میں مظلوم کے ساتھ ہوں اورغریب عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کرساتھ کھڑا رہوں گا۔

اورنج لائن میٹروٹرین کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ ہر گھر کااورعام آدمی کا منصوبہ ہے ۔ خدانخواستہ اگر یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا تو عوام کو کھٹارا بسوں میں دھکم پیل کاسامنا کرنا پڑے گاجو مجھے کسی صورت برداشت نہیں ،عوام کی خدمت اورانہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنامیری زندگی کا مشن ہے ۔محنت ،امانت اور دیانتداری سے عوام کی بے لوث خدمت کررہا ہوں اور خدمت خلق کا یہ سفر جاری رہے گا۔

صوبے میں شفافیت اورمیرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے ۔ میری ذات کے خلاف اگر ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔مخالفین اگر آج کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں لاسکتے تو انہیں چیلنج ہے کہ اگروہ قیامت تک بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کردیں تو وہ مجھے مرنے کے بعد قبر سے نکال کر لٹکادیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج ایوان اقبال میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،ایم این اے پرویز ملک،خواجہ احمد حسان،چےئرمین پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم،ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،وکلاء،اساتذہ،طلباء ،ڈاکٹرز،دانشوروں ،کالم نگاروں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے سمینار میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت ہویا تعلیم ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہو یا پبلک ٹرانسپورٹ ،سیلاب ہویا کوئی اور قدرتی آفت، انفراسٹرکچریا کوئی اور سماجی ترقی کا شعبہ پنجاب حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کو ایمانداری اورمحنت سے آگے بڑھا رہی ہے ۔

عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ اور آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ ان ترقیاتی منصوبوں میں میری ذات کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ اور میرا ہاتھ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے 150ارب روپے کے فنڈزچین نے فراہم کرنا ہیں جس کی پہلی قسط 7سال بعد ادا ہونی ہے اوریہ 100فیصد چینی فنڈنگ ہے۔

اتنے سستے داموں آج تک کسی ملک نے قرضہ نہیں دیاتاہم اراضی کے مالکان کو پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے ادائیگی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پجارو،مرسیڈیز اورلمبی گاڑیوں میں سفر کرنے والی اشرافیہ کیلئے نہیں بلکہ یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے ۔اس لئے مٹھی بھر اشرافیہ اس غریب پرور منصوبے کی مخالفت کر کے امیراور غریب کے درمیان خلیج بڑھا رہی ہے اوریہ مٹھی بھر اشرافیہ نہیں چاہتی کہ عام آدمی بھی عزت و توقیر کے ساتھ سفر کر ے۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائنمیٹروٹرین میں صدر ،وزیراعظم ،گورنرز،وزراء اعلی،وزراء، ججزاوراشرافیہ نے سفر نہیں کرنابلکہ اس میٹروٹرین کے ذریعے ان عظیم پاکستانیوں نے سفر کر نا ہے جو اپنے بچوں کے رزق کی تلاش کیلئے صبح و سویرے اپنے گھروں سے نکلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کی مخالفت کرنے والے نہیں چاہتے کہ غریب عوام کو بھی سفر کی معیاری سہولتیں میسر آئیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ وہ غریبوں کی غربت کا اسی طرح مذاق اڑاتے رہیں اور غریب عوام کٹھارا بسوں میں دھکے کھاتے رہیں اوریہ عناصر آپ کی منزل کو کھوٹا کررہے ہیں اورکتبے اٹھا کر منصوبے کی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ عام آدمی کو سہولتیں فراہم کرنے والامنصوبہ اشرافیہ کو تڑپاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ سے ڈیرہ گجراں تک 27کلو میٹرپراورنج لائن میٹروٹرین چلے گی اور2گھنٹوں میں طے ہونے والا یہ سفر45منٹ میں ہوگا۔

اس سے نہ صرف قیمتی وقت اورایندھن بچے گابلکہ قومی سرمائے کی بھی بچت ہوگی اور میٹروٹرین پرروزانہ اڑھائی لاکھ مسافر سفر کریں گے جبکہ یہ تعداد جلد ہی پانچ لاکھ تک پہنچ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین چین کی حکومت کا پاکستان کے عوام کے لئے عظیم تحفہ ہے جس کا ہم شکریہ ادا نہیں کرسکتے ۔ غریب عوام کی غربت کا مذاق اڑانے والے بڑے محلات میں رہنے والوں نے اس تحفے کو بھی قرض قراردیا ۔

اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں 100فیصد فنڈنگ چین کی حکومت کی ہے اوراس منصوبے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس کا سول ورکس چین نے پاکستان کی کمپنیوں کو دیا ہے،جو بہت بڑی سہولت ہے ۔چین پاکستان کا دوست ملک ہے جس نے پاکستان کے ڈاکٹر ز،وکلاء،محنت کشوں ،مزدوروں ،مریضوں اوربیواوٴں کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے اورنج لائن میٹروٹرین کے لئے فنڈز دےئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگرامیر کا بچہ بیمار ہوتو وہ اچھی گاڑی میں فوری طورپر ہسپتال پہنچ جائے اگر غریب کا بچہ بیمار ہو جائے تو وہ کھٹارا بسوں کے ذریعے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ جائے تو یہ کہاں کا انصاف ہے؟یہ قائد کا پاکستان نہیں۔ہم نے اسے قائد کا پاکستان بنانا ہے ،اور میٹروٹرین کا منصوبہ اسی جانب ایک انتہائی اہم اقدام ہے اور مٹھی بھر اشرافیہ کو غریب عوام کا حق نہیں مارنے دوں گا ۔

وزیراعلیٰ نے سیمینار میں موجود شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو میرے ساتھ وعدہ کرنا ہے کہ کسی کو غریب آدمی پر ظلم نہیں کرنے دیں گے۔اشرافیہ کو غریب عوام کا حق چھیننے نہیں دیں گے۔کسی پر ظلم برداشت نہیں کریں گے اورکسی کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،پاکستان کو آگے لے جانے کا یہی واحد راستہ ہے ۔دانش سکول ہویا نوجوانوں میں میرٹ پر لیپ ٹا پ کی تقسیم ،صاف پانی پراجیکٹ ہویا عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی،تعلیم ہویا غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا۔

ان مقاصد کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ہمیں مل کران راستوں میں آنے والے پتھروں کو اٹھاکر گہرے سمندرمیں غرق کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب برپاکیا ہے ۔میٹروبسوں کے ذریعے صحافی،وکیل ،ڈاکٹر،نرس، محنت کش اورمزدور باوقارطریقے سے اپنی منزل تک پہنچ رہے ہیں ۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے عوام کو جدید سفری سہولتیں ملیں گی اورٹرانسپورٹ کا کلچر بدلے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2010 ء میں جب ڈینگی کی بدترین وباء آئی تو اس وقت میں نے ڈینگی جانچنے کے لئے ٹیسٹ کو چارسو روپے سے کم کر کے 90روپے کیا لیکن اس وقت یہی اشرافیہ تھی جس نے شور مچایا کہ وہ عدالتوں میں جائیں گے ،کیا یہ ان کی عام آدمی سے محبت ہے؟ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت نے 46ارب ڈالر کاتاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا ہے جس سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگااور خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

46ارب ڈالر میں سے 36ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کے لئے ہے جن کے تحت پنجاب ،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا سمیت پاکستان بھر میں بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں ۔ساہیوال میں کوئلے کی بنیاد پر 1.8ارب ڈالر کی لاگت سے پاور پلانٹ کے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اوراگلے سال منصوبے کی تکمیل سے 1320میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی اذیت تو غریب عوام کو برداشت کرنا پڑتی ہے کیونکہ اشرافیہ کے گھروں میں جنریٹرز موجود ہیں جس سے انہیں لوڈ شیڈنگ کی تکلیف نہیں سہناپڑتی۔

وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔عوام کی ترقی کے مخالفین نے دھرنے کے ذریعے توانائی بحران کے خاتمے کی کاوشوں میں رکاوٹیں پیدا کیں۔بے مقصد کے دھرنوں سے کی چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوااورتوانائی کے منصوبوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ2018ء میں توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پالیا جائے گااورملک میں ترقی اورخوشحالی ہوگی۔

آج جو لوگ عوام کی ترقی کی مخالفت کررہے ہیں اور مسلسل جھوٹ بول کر عوام کودھوکہ دے رہے ہیں انہیں منصوبوں کی تکمیل پر عوام سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ پہلے کہتی تھی کہ اورنج لائن میٹروٹرین سے تاریخی عمارات گرا دی جائیں گی پھر کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے تاریخی عمارات کے سامنے سے گزرنے سے اس تاریخی ورثے کو نقصان پہنچے گااوراسی جھوٹ کی بنیادپران لوگوں نے عدالت عالیہ سے منصوبے کے خلاف حکم امتناعی بھی حاصل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ملایشیاء میں میٹروٹرین تاریخی مسجدکے احاطے سے گزررہی ہے ۔برلن میں اورنج لائن میٹروٹرین کو تاریخی عمارات میں سے گزارا گیا ہے جبکہ روم میں 200سالہ پرانی تاریخی عمارات کے قریب سے میٹروٹرین گزرہی ہے اسی طرح ہندوستان کے کئی شہروں میں میٹروٹرنیں چل رہی ہے اور ایک شہر میں مندر گرا کر میٹروٹرین کو گزارا گیا ہے ۔ وہاں کی عدالتوں نے ان عوام منصوبوں کے حق میں فیصلے دےئے ہیں ۔

مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری عدالت عالیہ میں بھی اورنج لائن میٹروٹرین کے بارے میں جھوٹ بولنے والوں کا جھوٹ عیاں ہوگااورانہیں شکست ہوگی۔عوامی منصوبے کی مخالفت کرنے والوں میں یہ بھی شور مچایا کہ لاہور میں بننے والی اورنج لائن میٹروٹرین دیگرممالک میں بننے والی میٹروٹرینوں سے مہنگی ہے ،یہ بھی سراسرجھوٹ ہے ۔حالانکہ آج لاہور میں بننے والی میٹروٹرین کاموازانہ دیگر ممالک میں بننے والی میٹروٹرینوں سے کیا جائے تو ماہرین کے مطابق لاہور میں بننے والی میٹروٹرین سستی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی ورثے کی حفاظت اوراسے بہتر بنانے کے لئے 10کروڑ روپے مختص کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب بر پا ہوگااورعوام کو باکفایت ، معیاری اورجدید سفر ی سہولتیں میسر آئیں گی۔اورنج لائن میٹروٹرین شفافیت ،اعلی معیار اورفن تعمیر کا شاہکار ہوگا۔

خواجہ احمدحسان نے سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے منصوبے کی اہمیت اورافادیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کا جوعزم اورعہد کیا ہے وہ اسے ہر حال میں نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کو میں نے بارہایہ کہتے سنا ہے کہ مجھ سے اپنے عوام کو کٹھارا بسوں میں دھکے کھاتے ہوئے نہیں دیکھا جاتا ۔اسی مقصد کے لئے انہوں نے ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے شاندار منصوبے شروع کیے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :