غیر ملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت:سیاسی و عسکری قیادت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ،وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا پانچواں اجلاس ،وفاقی وزراء ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت اعلی حکام کی شرکت ،اجلاس میں ایف 16 کی خریداری،جوہری توانائی کانفرنس ،پاک فوج کاترقیاتی پروگرام سمیت ملک کی داخلی وخارجی سکیورٹی صورت حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ،کابینہ کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ ،شرکاء کا دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں پراظہار اطمینان،وزیر اعظم کا سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین ،پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا ،قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آخری دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ،نواز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 اپریل 2016 10:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7اپریل۔2016ء)پاکستان نے غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیر اعظم نے ملک کی امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، سکیورٹی اداروں کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا ہے ،سکیورٹی جوانوں کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا جس میں سول و عسکری قیادت نے پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سمیت غیرملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اجلاس میں جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیراعظم کے مشیربرائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے شرکت کی،اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ملکی سلامتی اور سرحدی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سول و عسکری قیادت نے ملک میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی مداخلت پر شدید تشویش کا بھی اظہار کیا ،اجلاس کے دوران حال ہی میں امریکا میں ہونے والی جوہری سلامتی کانفرنس، امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری اور مسلح افواج کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں امریکہ میں ہونے والی جوہری کانفرنس کے فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان جوہری ہتھیاروں کی سکیورٹی پر اظہار اطمینان کو خوش آئند قرار دیا ،شرکاء نے جوہری کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے جوہری سکیورٹی سے متعلق مضبوط موقف کو سراہا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشحال پاکستان کا خواب صرف امن ہی سے جڑا ہے ،ماضی کی نسبت ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہے ،عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں وہاں امن قائم ہوگیا ہے لوگ خوشحال زندگی گزاررہے ہیں ،کراچی معیشت کی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،کراچی کا امن پورے ملک کے امن کے ساتھ جڑا ہے ، شہرقائد میں امن ہوگا تو پورا ملک خوشحال ہوگا،آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کاخاتمہ ممکن ہوا ہے جس سے ملک میں مجموعی طور پر امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے،وزیراعظم نے سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن کی فضاء قائم ہوئی ہے ،پاک فوج کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے اورآخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔