صوبائی حکومت بارشوں ، سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،پرویز خٹک

بدھ 6 اپریل 2016 10:09

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بارشوں ، سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلا ع دیر بالا کو پچاس لاکھ اور کوہستان کو ا یک کروڑ روپے اضافی فنڈز مہیا کر دیئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ بن سکے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے ،خیبر پختونخوا نے ضلع کوہستان کو 500 غذائی اجناس کے پیکجز جس میں آٹا، گھی، چاول، چائے، چینی اور دالیں وغیرہ شامل ہیں روانہ کر دیئے ہیں جو آج ضلعی انتظامیہ متاثرین میں تقسیم کریگی۔اسی طرح پی ڈی ایم اے نے سوات، شانگلہ، دیر بالا ،دیر پایاں اور ملاکنڈ کے متاثرہ علاقوں کے لئے الگ الگ 200 خیمے،400کمبل،400 رضائیاں، چٹائیاں اور دیگر ضروری اشیاء پہلے ہی مہیا کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 61 افراد جان بحق، 52 افراد زخمی ہوئے جبکہ 375 مکانات کو نقصان پہنچا۔ مزکورہ اعداد و شمار میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسی طرح ضلع کوہستان کے علاقے اتھروڑ میں لینڈ سلائنڈ نگ کی وجہ سے 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک 2 افراد کی لاشیں جبکہ5 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

پولیس، ماہر رضاکاروں اور ریونیو سٹاف پر مشتمل ٹیم ریسکیو آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور باقی ماندہ 23 افراد کی تلاش جاری ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردئیے ہیں کہ زخمی اور جان بحق افراد کے لواحیقین میں معاوضوں کی جلد تقسیم یقینی بنائی جائے اور تمام تر کوائف مکمل کرنے کے بعد تباہ شدہ مکانات کے مالکان میں پالیسی کے مطابق معاوضے بھی تقسیم کیئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :