ڈیرہ غازیخان، دو منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کردو سگے بھائیوں سمیت 6 طالبعلم جاں بحق ،14بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک ، ٹیچنگ ہسپتال منتقل

بدھ 6 اپریل 2016 09:45

ڈیرہ غازیخان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء)ملتان روڈگیدڑ والا بائی پاس کے قریب مدرسہ رحیمیہ کی دو منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کردو سگے بھائیوں سمیت 6 طالبعلم جاں بحق جبکہ14بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک ملبے سے نکال کر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہسپتال میں ایمر جنسی فافذ،واقعہ پر علاقہ میں سوگ کی فضاحادثہ کے وقت مزدورمدرسہ کی چھت پر کام کررہے تھے تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز11بجے دن ملتان روڈ گیدڑ والا بائی پاس کے نزدیک واقع نورانی مسجد سے ملحقہ مدرسہ میں بچے درس قرآن پاک میں مصروف تھے جبکہ مدرسہ ، مسجد کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام بھی جاری تھاجس کی وجہ سے اوپر والی منزل کی چھت کا ملبہ نیچے والی چھت پر گرا تو وہ چھت بھی بیٹھ گئی اس دوران مدرسہ کی چھت گرنے سے زیر تعلیم 14بچے ملبے تلے دب گئے ، واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دو گھنٹے سے زائد ریسکیو آپریشن جاری رہا جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دبے 14بچوں کو جنکی عمریں 6تا12سال تھیں ملبے سے نکال کر ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس المناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے طلباء میں محمد عرفان ولداقبال کھوسہ عمر 9سال،نوید ولد عبدالعزیزکھوسہ عمر12 سال،حمزہ ولدمحمد ارشدایسراں عمر7سال،اعجاز احمد ولد غلام مصطفی کھوسہ ،عمر 8 سال،شفیق احمد ولدعبدالعزیزکھوسہ عمر10 شامل ہیں ۔جبکہ زخمی ہونے والے بچوں میں محمد یوسف ولد عاشق حُسین جڑھ عمر8 سال،محمد عرفان ولد مرید حُسین پتافی عمر9سال،محمد مجیب ولدصدیق بھٹی عمر8 سا ل،محمد نادرولد صادق کھوسہ عمر 8 سال،عنصرولدبشیراحمد ایسران عمر15 سال،راشد حسین ولدمحمد نوازہجبانی 22 سال ،محمد اخترولدمحمداصغرکھوسہ عمر8 سال،یوسف ولدغلام فرید بھٹی عمر7اور محمد مدثرشامل ہیں ۔

ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سید منور عباس نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے ہسپتالوں کو واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں ایمر جنسی نافذ کر کے الرٹ کر دیا گیا تھا اور آپریشن بھی بروقت شروع کیا گیا اور حادثہ کے زخمیوں کی طبی امداد بروقت یقینی بنائی گئی جس کی وجہ سے مزید جانی نقصان سے محفوظ رہے ، تاہم واقعہ کی تحقیقات بھی کرائی جارہی ہے اور زخمیوں کے سرکاری خرچ پر علاج کی ہدایت کی گئی ہے جاں بحق ہونے والے بچوں اور زخمیوں کی حکومتی امداد پالیسی کے مطابق کی جائیگی جسکے باے میں حکومت پنجاب کو آگاہ کر دیا گیا ۔