عدالت نے ورانٹ گرفتاری جاری کیے تو ضمانت نہیں کراؤں گا،عمران خان،جمہوریت میں شہریوں کو پر امن احتجاج کرنے کا حق ہے،پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمہوریت اور ملک کے لئے احتجاج کیا،حکومت کارکنوں کے خلاف درج مقدمات ختم کرے،عدالتیں زیر سماعت مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کریں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 اپریل 2016 10:30

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر عدالت نے میرے ورانٹ گرفتاری جاری کیے تو میں ضمانت نہیں کراؤں گا ۔پانامہ لیکس پر پوری دینا میں انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔منگل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس کی سماعت سے قبل عمران خان نے احاطہ عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں جمہوریت ہوتی ہے وہاں شہریوں کو پر امن احتجاج کرنے کا پورا حق ہوتا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمہوریت اور ملک کے لئے احتجاج کیا تھا ان کے خلاف سیاسی انتقام کے طور پر مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کارکنوں کے خلاف درج مقدمات کو جلد از جلد ختم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میری عدالتوں سے استدعا ہے کہ وہ زیر سماعت مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت پوری دنیا میں پانامہ لیکس پر انکوائریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔جب صحافی نے عمران خان پر سوال کیا کہ آپ بھی اس مقدمہ میں نامزد ملزم ہیں اگر عدالت آپ کے ورانٹ گرفتاری جاری کئے تو کیا آپ ضمانت کرائیں گے تو عمران خان نے کہا کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا اگر میرے ورانٹ گرفتاری جاری کیے گئے تو میں ضمانت نہیں کراوں گا ۔