آفریدی کے بعد سرفراز مضبوط امیدوار ہیں تاہم مشورے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا ، شہریار خان ،شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی، گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 09:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے شاہد آفریدی کی جانب سے کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت کا سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین شہریار خان نے کہا شاہد آفریدی کی جانب سے شکست کی ذمے داری خود قبول کرنا اور قیادت سے دستبردار ہونا بڑے پن کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ کپتان شاہد آفریدی نے ناکامی کا ملبہ کسی اور پر گرانے کے بجائے شکست کی ذمہ داری قبول کی۔انہوں نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا نائب کپتان سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی کپتان کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں تاہم وہ پی سی بی حکام سے مشورہ کر کے جلد کپتان کا حتمی اعلان کریں گے۔شہریار خان نے مزید کہا کہ وہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے لیا ہے اور وہ پیر کو بورڈ ہیڈ کوارٹر میں مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :