ورلڈ ٹی 20 میں بہترین پرفارمنس ، پشاور زلمی نے اپنے کھلاڑیوں ڈیرن سیمی اور تمیم اقبال کیلئے انعام کا اعلان کردیا ، ڈیر ن سیمی کو 20ہزار ڈالر ، تمیم اقبال کو سب سے زیادہ رنز بنانے پر 5ہزار ڈالر دینے کا فیصلہ، انعام اور پذیرائی پر شکر گزار ہوں ، جلد از جلد اپنے پاکستانی شائقین تک پہنچنے کی کوشش کروں گا ، سیمی

منگل 5 اپریل 2016 09:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء) ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شاندار فتح پر پشاور زلمی نے اپنے کھلاڑی اور ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کیلیے 20 ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ویسٹ انڈیز نے اتوار کو کولکتہ کے ایڈنز گارڈنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شار وکت سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔

ویسٹ انڈین ٹیم دوسری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی دنیا کی واحد ٹیم ہے اور اس نے دونوں مرتبہ یہ اعزاز ڈیرن سیمی کی قیادت میں حاصل کیا۔فتح پر ڈیرن سیمی کو جہاں دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں وہیں پشاور زلمی نے بھی اپنی ٹیم کے اہم رکن کو اس شاندار کامیابی سے مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ انعام کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی پر سیمی کو مبارکباد دیتے ہوئے 20 ہزار ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

آفریدی کے مطابق سیمی نے ٹیم کی کپتانی میں بہترین اسپریٹ کا مظاہرہ کیا اور وہ اس شاندار کامیابی پر انعام کے حق دار ہیں جو کے انہیں جلد دیا جائے گا۔ڈیرن سیمی نے ٹیم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد اپنے پاکستانی شائقین تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جاوید آفریدی نے اس کے علاوہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کامیاب ترین بلے باز اور پشاور زلمی کے اوپنر تمیم اقبال کیلئے بھی پانچ ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا۔

تمیم اقبال چھ میچوں میں ایک سنچری کی مدد سے 295 رنز بنا کر ایونٹ کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔بنگلہ دیشی اوپنر نے اس انعام کے اعلان پر جایود آفریدی اور پشاور زلمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی کارکردگی کو نہیں سراہتا اور میں پشاور زلمی کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ دوبارہ ایکشن میں آنے کیلئے بیتاب ہوں۔قومی ٹیم کے شاہد آفریدی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی اور شاندار میچ پر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں اور اس میچ کو کرکٹ کی جیت قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :