اپنے بیرون ملک اثاثے چھپانے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں، غیر ضروری ٹیکسوں سے بچاؤ کیلئے آف شور کمپنی قائم کرنا قانونی ہے،حسین نواز شریف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بیرون ملک اثاثے چھپانے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں، غیر ضروری ٹیکسوں سے بچاؤ کیلئے آف شور کمپنی قائم کرنا قانونی ہے، آف شور کمپنی رکھنا کوئی بری بات نہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا کوئی کام غلط نہیں ہے، میں نے اپنے بیرون ملک اثاثے کبھی نہیں چھپائے، بہت سے لوگ غیر ضروری ٹیکسوں سے بچنے کیلئے آف شور کمپنیاں قائم کرتے ہیں اور یہ قانون کے مطابق ہے۔

حسین نواز شریف نے وضاحت کی کہ پانامہ لیکس اور انٹرنیشنل کنسورشیئم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے شریف فیملی کے بارے میں کوئی غلط کام کرنے کے الزامات عائد نہیں کئے اور نہ ہی وزیراعظم محمد نواز شریف کسی ایسی کمپنی کے مالک ہیں جن کا تذکرہ پانامہ لیکس میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حسین نواز شریف نے مزید کہا کہ میں نے 1992ء میں وطن چھوڑا،ملکی قوانین کے تحت 138 دن سے زائد پاکستان سے باہر رہنے کے باعث اثاثے ڈکلیئر کرنے کا پابند نہیں ہوں۔

عمران خان کے تحقیقات کرنے کے مطالبے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں رضاکارانہ طور پر خود کو تحقیقات کیلئے پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے عمران خان سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ انہوں نے شریف فیملی کے اثاثوں سے متعلق جو الزامات عائد کئے ہیں انکے ٹھوس ثبوت بھی پیش کریں، اگر وہ کامیاب ہو جاتے ہیں تو ہم اپنی غلطی تسلیم کرنے اور سزا کیلئے تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف میری ایک کمپنی کی محض ٹرسٹی تھیں جو میری ملکیت تھی۔