پولی کلینک کے ڈاکٹرنے ”بیٹ مین ورسسز سپر مین “کے کلپس سوشل میڈیا پر چلا دیئے،ڈاکٹر ارسلان فلم سنسر بورڈ کے ممبر بھی ہیں،ہالی وڈ کی نئی فلم کے کلپس بنا کر ٹوئٹر ، فیس بک اور وٹس ایپ پر جاری کر دیئے،وارنر برادرزکا حکومت پاکستان کو خط، ڈینٹل سرجن کیخلاف کارروائی کی جائے ورنہ پاکستان میں فلم ریلیز نہیں کرینگے

پیر 4 اپریل 2016 10:28

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اپریل۔2016ء) پولی کلینک ہسپتال کے ڈینٹل سرجن نے اپنے چھ ساتھیوں کے ہمراہ وارنر برادرز کی نئی انگلش فلم ” کے کلپس سنسر بورڈ کے اجلاس کے دوران بنا کر سوشل میڈیا پر چلا دیئے ۔ وارنر برادرز نے حکومت پاکستان کو احتجاجی خط لکھ دیا اور کہا کہ اگر ڈاکٹر ارسلان اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ پاکستان میں اپنی کوئی فلم ریلیز نہیں کریں گے تفصیلات کے مطابق پولی کلینک کے ڈینٹل سرجن ارسلان فلم سنسر بورڈ کے ممبر بھی ہیں ، گزشتہ دنوں انگلش فلم ”بیٹ مین ورسسز سپر مین “ کو سنسر کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس میں اپنے چھ قریبی ساتھیوں کو بھی ساتھ لے گئے جنہوں نے ہالی وڈ کی اس نئی فلم کے کچھ کلپس بنا کر ٹوئٹر ، فیس بک اور وٹس ایپ پر جاری کر دیئے ۔

(جاری ہے)

جس پر وارنر برادرز نے علم ہونے پر حکومت پاکستان کو خط لکھا ہے کہ مذکورہ ڈینٹل سرجن کو نہ صرف سنسر بورڈ سے الگ کیا جائے بلکہ اس پیشہ وارانہ بدیانتی پر اس اور اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو وارنر برادرز آئندہ پاکستان میں کوئی فلم ریلیز نہیں کریں گے ۔ اس حوالے سے فلم سنسر بورڈ سے رابطہ کرنے پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ وارنر برادرز کی طرف سے لکھا گیا خط موصول ہو گیا ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی کارروائی حکومت پاکستان کرے گی ۔ وارنر برادرز کا خط حکومت کو بجھوا دیا گیا ہے ۔