اپوزیشن کے تحفظات دور ‘ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی آئی اے کا ترمیمی بل منظورہو جائے گا، اسحاق ڈار، معیشت اور سیاست کو الگ الگ ہونا چاہئے ‘ تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر مسائل کے حل اور ملک کی بہتری کیلئے کام کریں،پی آئی کے کے کسی ہوٹل کو فروخت نہیں کیا جا رہا، وفاقی وزیر خزانہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 اپریل 2016 11:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3اپریل۔2016ء )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات کو دور کیا گیا ہے اور آئندہ 11 اپریل کو منعقدہونیوالے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں امید ہے کہ پی آئی اے کا ترمیمی بل منظورہو جائے گا ، معیشت اور سیاست کو الگ الگ ہونا چاہئے جبکہ تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر مسائل کے حل اور ملک کی بہتری کیلئے کام کریں،پی آئی کے کے کسی ہوٹل کو فروخت نہیں کیا جا رہا، وہ ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور شیخ زید ہسپتال لاہور کے درمیان تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، سمجھوتے کی یادداشت پر یو ایچ ایس کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر محمد اسلم اور شیخ زید کے چیئرمین و ڈین پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان سمیت بورڈ آف گورنرز کے دیگر ارکان بھی موجود تھے،وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے تعین اور دیگر اشیائے ضروریہ کے حوالے سے نیشنل پرائسنگ کمیٹی بنائی ہے جو ملک میں مختلف اشیاء کی قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہے،مجموعی طور پر ملک میں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کو فائدہ ہو اہے تاہم یہ کمی اس شرح سے سامنے نہیں آ سکی جس طرح سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ کے پی کے  پنجاب اور سندھ میں عوام کی سہولت کیلئے ماڈل بازار قائم کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ انتہائی مناسب نرخوں پر ایل این جی کی خرید کا معاہدہ کیا گیا ہے اور اس پر کام جاری ہے جبکہ اس ضمن میں تمام معاملات کو جلد حل کرلیا جائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رضا کارانہ ایمنسٹی سکیم کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ کالے دھن کو سفید کیا جائے بلکہ یہ نان فائلرز اور بزنس مینوں کا ورکنگ کیپٹل ہے اور یہ سکیم ان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے نکالی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے دور میں بھی یہ سکیم نکالی گئی اور اس وقت بھی اسی ٹولے نے رکاوٹیں ڈالی تھیں جو اب ڈال رہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ کا اوگرا کے چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے ایک سوال پر کہنا تھا کہ رواں ماہ میں یہ تعیناتی ہو جائے گی جبکہ پی آئی اے کے ہوٹل کو فروخت کرنے کا دور دور تک کہیں ذکر نہیں ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور معیشت اور سیاست کو الگ ہونا چاہئے۔