حج کو سود سے پاک رکھنے کیلئے اسلامی بنکاری والے 8بنکوں سے معاہدہ،تمام بنک سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانے والے خوش نصیبوں کی رقومات وزارت مذہبی امور کے اسلامی شریعہ اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے،ذرائع

جمعہ 1 اپریل 2016 09:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1اپریل۔2016ء) وزارت مذہبی امور نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حج کی عبادت کو سود سے پاک رکھنے کیلئے اسلامی بنکاری کی سہولت رکھنے والے 8بنکوں سے معاہدہ کر لیا ہے ،تمام بنک سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانے والے خوش نصیبوں کی رقومات وزارت مذہبی امور کے اسلامی شریعہ اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وزارت نے پاکستان کے 8بڑے بنکوں کے ساتھ عازمین حج کے درخواستوں اور رقومات کی وصولی کے معاہدے کر لئے ہیں اور تمام بنک عازمین حج سے وصول کی جانے والی رقومات کو وزارت کے اسلامی شریعہ بنک میں جمع کرائیں گے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت کے حکام نے ملک میں اسلامی بنکاری کرنے والے بنکوں کے ساتھ میٹنگز کے بعد 8 ایسے بنکوں سے معاہدے کر لئے ہیں جن کے ملک میں بھر 350سے زائد برانچیں موجود ہیں اور ان کے پاس سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے اسلامی بنکاری کی سہولت موجود ہو اور ان کی ریٹنگ ڈ بل اے ہو ان بنکوں میں نیشنل بنک ،حبیب بنک ،یونائیٹڈ بنک،مسلم کمرشل بنک،بنک الفلاح ،پنجاب بنک اور میزان بنک شامل ہیں یہ تمام بنک سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کے بعد کمپیوٹرائزڈ قراعہ اندازی کے زریعے کامیاب ہونے والے عازمین سے حج فیس وصول کرکے وزارت مذہبی امور کے اسلامی شریعہ اکاؤنٹ میں منتقل کریں گے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا تھا کہ پہلے عازمین حج کی رقومات پر بنک سودی نظام کے تحت منافع دیتے تھے اور اس منافع کو عازمین حج کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جاتا تھا مگر اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت وصول کی جانے والی تمام رقومات اسلامی شریعہ اکاؤنٹ میں رکھی جائیں گی تاکہ عبادت کو سود سے پاک کیا جا سکے اور اس تجویز کی قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے حمایت کی تھی جس کے بعد اسلامی بنکاری کی سہولت رکھنے والے بنکوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :