جیکب آباد،شوہر نے شادی کی پہلی ہی رات دلہن کو گلا دبا قتل کر دیا، ملزم فرار،مقدمہ درج

جمعہ 1 اپریل 2016 09:49

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1اپریل۔2016ء ) جیکب آباد میں شوہر نے شادی کی پہلی ہی رات دلہن کو گلہ دبا قتل کر دیا، ملزم فرار،مقدمہ درج، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی حدود اے ڈی سی کالونی میں شادی کی پہلی ہی رات میں ظالم شوہر قلندر بخش کھوکھر نے اپنی نئی نویلی دلہن 19سالہ خانزادی بنت لال محمد لاشاری کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔

اطلاع پر حدود پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش اپنی تحویل میں لیکر سول ہسپتال پہنچایا جہاں پر لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئی ۔نئی نویلی دلہن کی لاش گھر پہنچے پر شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ اس موقع پر مقتولہ دلہن کے والد لعل محمد لاشاری کا کہنا تھا کہ دلہا میری بیوی کا بھتیجا ہے جس سے اپنی بیٹی کی شادی کرائی اور بیاہ کی رات ہی ظالم نے میری بیٹی کا گلہ دبا کر اسے قتل کر دیا اور فرار ہو گیامجھے کوئی علم نہیں ہے کہ اس نے میری بے گناہ بیٹی کو کیوں قتل کیا، ظالم کو کبھی معاف نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

دوسر ی جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تفتیش جاری ہے اور مقتولہ کے بھائی علی شیر لاشاری کی مدعیت میں ملز م قلندر بخش کھوکھراور اس کے چار بھائیوں منظور علی، قادر بخش،صدام حسین اور وزیر علی کھوکھر کے خلاف قتل کامقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں مدعی نے موقف اختیار کیا ہے کہ میری بہن نے شادی کی پہلی رات اپنے شوہر قلندر بخش کھوکھر کا کہنا نہیں مانا جس پر اس نے میری نوجوان بہن کو قتل کردیا اور فرار ہو گیا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں