مصری طیارے کو ہائی جیک کرنے کا ڈرامہ ختم، سابقہ بیوی سے ملاقات کیلئے طیارہ ہائی جیک کیا

بدھ 30 مارچ 2016 10:05

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30مارچ۔2016ء) مصری طیارے کو ہائی جیک کرنے والے شخص سیف الدین مصطفی نے خودہی اپنے آپ کو سیکیورٹی کے حوالے کر دیا۔ قبرص میں حکام کا کہنا ہے کہ لارنکا ایئرپورٹ پر ہائی جیکنگ سے پیدا ہونے والا بحران ختم ہو گیا ہے اور تمام مسافروں کو طیارے سے نکال لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اِس سے قبل مصر کی قومی فضائی کمپنی کے ایک ہوائی جہاز کو مصر میں اندرونِ ملک پرواز کے دوران ایک مسافر نے یہ کہہ کر اغوا کر لیا تھا کہ اْس نے دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ پہن رکھی ہے تاہم لارناکا ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد ہائی جیکر نے تمام مسافروں کو رہا کر دیااور قبرص میں سیاسی پناہ اور اپنی سابقہ قبرصی بیوی سے ملنے کا مطالبہ کیا ۔

قبرص کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اغواکا نے اپنے آپ کو رضا کارانہ طور پر سیکیورٹی کے حوالے کیا جبکہ دوسری جانب مصری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہائی جیکر نے یورپی یونین کے ایک عہدیدار سے ملاقات اور کسی تیسرے ملک بھیجے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مصر کی حکومت نے کہا ہے کہ ہائی جیکر سیف الدین مصطفی سے لارناکا میں تفتیش کی جائے گی۔