روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کا عمل ابھی شروع ہی نہیں ہوا

بدھ 30 مارچ 2016 09:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30مارچ۔2016ء)روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کا عمل ابھی شروع ہی نہیں ہوا،وزارت خزانہ ،ریونیو،اکنامک افیئرز،سٹیٹسکس اور نجکاری کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نجکاری کمیشن نے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لئے فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کا عمل بھی شروع نہیں کیا جو ہوٹل کی شفاف نجکاری کی طرف نجکاری کمیشن کا پہلا اقدام ہو گا،جب بھی نجکاری کمیشن فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گا تو قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اس حوالے سے باقاعدہ اشتہارات شائع کروائے جائیں گے۔

وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کے بعد بھی نجکاری کے عمل کی تکمیل کے لئے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے جن کی باقاعدہ منظوری نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری سے حاصل کی جاتی ہے اور کسی بھی ادارے کی نجکاری کے لئے تمام ضروری اقدامات پر مکمل عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

روز ویلٹ ہوٹل کے حوالے سے ابھی تک نجکاری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس طرح کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے ۔

جبکہ ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے تمام الزامات بے بنیاد اور غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئی بھی اکیلا شخص کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری کا فیصلہ نہیں کرسکتا جبکہ اس کے لئے تمام تر مطلوبہ قانونی عوامل پر عملدرآمد کے بعد متفقہ فیصلہ کیا جاتا ہے۔نجکاری کمیشن نجکاری کے عمل میں شفافیت کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور نجکاری کے ہر عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ نجکاری کمیشن روز ویلٹ ہوٹل کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور قومی اثاثوں کی نجکاری کا عمل قانون کے مطابق ہی سرانجام دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :