بھارت نے پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے مولانا مسعود اظہر تک رسائی مانگ لی

بدھ 30 مارچ 2016 09:47

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30مارچ۔2016ء) بھارت نے پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے پاکستان سے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر تک رسائی مانگ لی ۔منگل کو بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے سربراہ شرد کمار کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان سے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر تک رسائی دینے کی درخواست کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھا کہ پانچ رکنی پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے وطن واپس جانے کے بعد اس حوالے سے ایک اور باقاعدہ درخواست بھیجی جائے گی ۔اس سے قبل پاکستانی مشترکہ تفتیشی ٹیم (جے آئی ٹی) جنوری میں ہوئے پٹھان کوٹ حملے کی انکوائری کے لئے پٹھانکوٹ ائیربیس کا دورہ کرکے واپس نئی دہلی پہنچ گئی ۔جے آئی ٹی صبح نئی دہلی سے امرتسر کے لئے روانہ ہوئی تھی او راس کے بعد پٹھان کوٹ پہنچی۔اس دوران قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم پورے وقت پاکستانی جے آئی ٹی کے ساتھ تھی۔