سستا و فوری انصاف کی امید ، لاکھوں شہریوں نے عام عدالتوں کی بجائے وفاقی محتسب کو درخواستیں دینا شروع کر دیں

منگل 29 مارچ 2016 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29مارچ۔2016ء)وفاقی محتسب میں سستا اور فوری انصاف ملنے کے باعث لاکھوں شہریوں نے عام عدالتوں کی بجائے وفاقی محتسب کو درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں۔سی ڈی اے ،ریلوے،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ،اے جی پی آر ،ہاؤسنگ و ورکس،اوپی ایف،نادرا اور پوسٹ آفس کی ہزاروں ملازمین و عوامی شکایات پر وفاقی محتسب نے فوری انصاف دینے کے احکامات صادر کر دئیے ہیں۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی معلومات کے مطابق وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے ایوان صدر کوایک سمری ارسال کر دی ہے کہ عوامی شکایات کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے 60دن کی بجائے 15دن میں نمٹانے کے لیے ملک بھر کے اضلاع میں عدالتیں لگائی جائیں تاکہ آئین و قانون کے مطابق عام شہریوں کو جلد اور سستا انصاف مہیا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اوورسیز شکایات سیل کے کمشنر اور وفاقی محتسب کے سیئنر ایڈوائزر حافظ احسان کھوکھر نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں دو لاکھ 23ہزار471شکایات و درخواستوں کوملک کے آئین و قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا ہے اور متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کیا گیا ہے ۔

اب تک 400کے قریب وفاقی اداروں سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں جو کہ بر وقت حل کر دی گئیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ او پی ایف سے متعلق شکایات کو وہ گہرائی میں دیکھتے ہیں اس سے متعلق تمام ائیرپورٹس پر خصوصی ڈیسک کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ باہر سے آنے والے شہریوں کو کوئی شکایات ہو تو وہ باآسانی خصوصی ڈیسک پر بتا سکے اور ایک ہفتہ کے اندر تمام تر شکایات کا ازالہ کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔