فاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل نے گیس کنکشن پر پابندی ہٹانے کی سمری وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو ارسال کردی،حکومت نے عوامی اور تعمیراتی صنعت کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے آباد کی تجویز سے اتفاق کیا ہے ، شاہد خاقان عباسی کی وفد سے بات چیت

ہفتہ 26 مارچ 2016 09:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل نے گیس کنکشن پر پابندی ہٹانے کی سمری وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو ارسال کردی ہے۔ وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے سینئر نائب چیئرمین عارف جیوا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوامی اور تعمیراتی صنعت کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے آباد کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف عوامی امنگوں کی حامل پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں اور بہت جلد عوام کو خوش خبری ملے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں گیس کی قلت کے نتیجے میں ستمبر دو ہزار گیارہ میں بلند و بالا عمارتوں کو گیس کنکشن پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت نے تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کے لئے آباد کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

آباد کے سینئر نائب چیئرمین عارف جیوا نے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کو تعمیراتی شعبے سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعمیراتی صنعت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے پاکستان میں اسے یکسر نظر انداز کیا گیا۔ آباد کے سینئر نائب چیئرمین عارف جیوا نے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی سے گیس کنکشن پر پابندی اٹھانے کی سمری وزیر اعظم سیکریٹریٹ ارسال کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کے نتیجے میں عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا۔

عارف جیوا نے کہا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نئے رہائشی منصوبوں کی تعمیر کے لئے ایسو سی ایشن آف بلڈز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ آباد کے سینئر نائب چیئرمین عارف جیوا اور سینئر رکن افضل حمید نے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کو ایسو سی ایشن کا ان ہاوس میگزین شیلٹر بھی پیش کیا۔