تھر کی قحط سالی کے متعلق حکومت سندھ کے قائم کمیشن کا پہلا اجلاس، مسئلے کی اصل وجوہات جانے کے لئے کمیشن خود تھر کا تفصیلی دورہ کرے گا ،اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 25 مارچ 2016 09:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء)تھر کی قحط سالی کے متعلق حکومت سندھ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کا پہلا اجلاس کنوینر عبدالفتح ملک سابق ایڈوکیٹ جنرل سندھ کی صدارت میں پی ڈی ایم اے سندھ کے ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں کمیشن کے ممبران، ڈاکٹر ٹیپو سلطان ، سونو خان کنگرانی اور کمیشن کے سیکریٹری ڈی جی ،پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پریس بریفنگ کے دوران سیکریٹری سید سلمان شاہ نے بتایا کہ اجلاس میں تھر کی خشک سالی کے مسئلے پر کمیشن قائم کرنے پر حکومت سندھ کے اس اقدام کو سراہا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھر کے مسئلے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لئے کمیشن تحقیقات کے لئے خود تھر کا تفصیلی دورہ کرے گا اور انتظامیہ کی ذمہ داریوں و کوتاہیوں کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کرے گا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام اور یونین کونسل کے نمائندوں ، این جی اوز اور بار ایسوسی ایشنز ، پریس اور دیگر متعلقہ اداروں سے اس تحقیقات میں معاونت حاصل کی جائے گی اور عوا م کی تکلیف کو کمیشن کھلے دل سے سنے گا جس کے لئے اخبارات میں اشتہارات کے کے ذریعے ہر ضلع میں کمیشن کے جانے کا شیڈول جاری کیا جائے گا ، کمیشن میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وہ سینئر ممبر بورڈ آف ریوینو ، سیکریٹری فنانس ، سیکریٹری ہیلتھ ، سیکریٹری خوراک اور سیکریٹری فشریزو لائیو اسٹاک ، خصو صی اقدامات کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر تھر کول اتھارٹی سے بھی میٹنگ کرکے ان سے بجٹ و اخراجات اور جاری و مکمل اسکیموں کے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کسی دباؤ کے بغیر بلا تفریق تحقیقاتی رپورٹ تیا رکرکے حکومت کو پیش کرے گا

متعلقہ عنوان :