وزیراعلیٰ نے ڈولفن فورس کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں شرکت سے واپسی پراپنا ہیلی کاپٹر اچانک منڈی رائیونڈاتارلیا،غیرا علانیہ دورے سے انتظامیہ اور حکام لاعلم رہے، شہبازشریف ہیلی پیڈ سے پیدل چل کر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پہنچے،تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا ،کلاس رومزکا معائنہ کیا، یتیم طالبہ آمنہ بتول کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

جمعہ 25 مارچ 2016 10:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کے پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت سے واپسی پر اپنا ہیلی کاپٹر اچانک منڈی رائے ونڈ میں ریلوے لائنز کے قریب خالی جگہ پر اتار لیا جہاں وزیراعلیٰ کو دیکھ کر ہزاروں لوگ جمع ہو گئے۔ وزیراعلیٰ ہیلی پیڈ سے پیدل چل کر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منڈی رائے ونڈ پہنچے اور کلاس رومز کا دورہ کیااور اساتذہ اور طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی۔

وزیراعلیٰ نے سکول میں تعلیمی سہولتوں اورپانی کی فراہمی کا جائزہ لیا اورکلاس رومزکا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے سکول میں طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کاروشن مستقبل ہیں اورآپ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو طالبات نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ایک یتیم طالبہ آمنہ بتول کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ قوم کی اس بیٹی کو تعلیم کیلئے ہر طرح کے وسائل دےئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قوم کا مستقبل آپ سے ہے اورآپ ہی نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے ،لہٰذا آپ پوری تعلیم پر دیں اور محنت سے اپنی پڑھائی جاری رکھیں۔

وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منڈی رائے ونڈ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کی ہدایت کی اورکہا کہ کلاس رومز کی حالت کو بہتر بنایا جائے کیونکہ جہاں قوم کے مستقبل کے معمار تعلیم حاصل کر رہی ہیں وہاں ماحول بھی بہترین ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری سرفہرست ترجیح ہے، تعلیم کے فروغ کیلئے ہر طرح کے وسائل دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اوروہاں موجود بچوں اور بچیوں سے گفتگو بھی کی اوران کے ساتھ انگریزی زبان میں بھی بات چیت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے منڈی رائے ونڈ میں جمع ہونے والے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔

گزشتہ ساڑھے سات برسوں میں عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اورآئندہ اڑھائی برسوں میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے 2013 کے انتخابات میں ہمیں جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے اور عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ اس موقع پر ایم این اے افضل کھوکھر بھی ہمراہ تھے ۔وزیراعلیٰ اچانک دورے سے انتظامیہ اورمتعلقہ حکام لاعلم رہے۔وزیراعلیٰ بغیر سکیورٹی اورپروٹوکول کے سکول گئے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کی کوئی گاڑی بھی موجود نہ تھی۔