شاہد آفریدی سمیت کرکٹ ٹیم کے تمام چلے ہوئے کارتوسوں کو نکالنے کا وقت آگیا ، ٹیم دھڑے بندیوں کا شکار ہے،عابد شیر علی، کھلاڑی قوم کیلئے نہیں بلکہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے کھیلتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی خراب ہی نہیں بلکہ انتہائی شرمناک تھی ،وزیر اعظم بہت جلد کرکٹ کے حوالے سے فیصلے کریں گے، میڈیا سے بات چیت

جمعرات 24 مارچ 2016 09:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24مارچ۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی سمیت تمام چلے ہوئے کارتوسوں کو ٹیم سے نکالنے کا وقت آگیا ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم دھڑے بندیوں کا شکار ہے ۔عابد شیر علی نے یہ بات چوہدری فقیر محمد میموریل کلب اور نیشنل جم خانہ کلب کے مابین کرکٹ کے فائنل میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی قوم کیلئے نہیں بلکہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے کھیلتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کرکٹ ٹیم کی کارکردگی خراب ہی نہیں بلکہ انتہائی شرمناک تھی جس کا ذمہ دار کرکٹ بورڈ بھی ہے جو ان کھلاڑیوں کو ڈسپلن کا پابند نہیں بناتا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی سمیت چلے ہوئے کارتوسوں کو گھر بھیج کر انشاء الله نئی ٹیم بنائی جائے گی ۔بھارت اور نیوزی لینڈ سے شکست سے پاکستانی قوم کو انتہائی مایوسی ہوئی ہے خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان جو کہ کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہیں وہ ذاتی طور پر کرکٹ سے دلچسپی رکھتے ہیں اور بہت جلد کرکٹ کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔