پاک بھارت میچ : کمارا سنگاکارا نے پاکستان کو خطرناک قرار دیدیا ، پاکستان اور بھارت کا میچ بہت سخت اور ایک بہترین مقابلہ ہو گا،گرین شرٹس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، کمارا سنگاکارا

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:16

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء) پاک بھارت میچ کے حوالے سے سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے پاکستان کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے ایک بیان میں سنگاکارا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ بہت سخت اور ایک بہترین مقابلہ ہو گا، بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں فتح کے بعد مجھے پاکستانی ٹیم بہت خطرناک نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے خلاف اب تک ناکامیوں کے میچ پر اثرانداز ہونے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے ٹورنامنٹ میں جہاں بہت ساری خطرناک ٹیمیں ہوں، وہاں کسی بھی ٹیم کے محفوظ رہنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے جلد وکٹیں نہ کھونے کو کامیابی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی وکٹیں لینے سے ہندوستانی ٹیم کو فائدہ مل جاتا ہے، اگر پاکستانی ٹیم ابتدا میں وکٹیں نہیں گنواتی، تو پھر درمیانی اوورز میں ان کیلئے رنز کرنا آسان ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک روزہ کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے عظیم کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک اچھی ٹیم موجود ہے اور شرجیل خان اور احمد شہزاد کی موجودگی میں اوپننگ پہلے کی نسبت بہتر نظر آتی۔ تیسرے نمبر پر حفیظ کی صورت میں ایک اچھا کرکٹر موجود ہے جبکہ آفریدی بھی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آفریدی کی موجودگی کی وجہ سے پاکستان کی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسپن باوٴلنگ بھی کافی متوازن نظر آتی ہے اور ٹیم کے پاس اس وقت سب سے خطرناک باوٴلنگ اٹیک ہے۔تاہم ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستان کو ہندوستانی باوٴلنگ اٹیک سے خبردار کرتے ہوئے باور کرایا کہ ہندوستانی باوٴلنگ نسبتاً کمزور ضرور لیکن وہ پھر بھی مضبوط ہے۔

متعلقہ عنوان :