قومی اسمبلی اجلاس، حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر ملنے والی اشیاء پر سبسڈی ختم کر دی، پارلیمانی سیکرٹری ، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے، چینی ،تیل اور گھی پر سبسڈی کی فراہم کیلئے حکومت کو سفارشات بھیجی ہیں،راؤ اجمل کا توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب

ہفتہ 19 مارچ 2016 10:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء) وزیر صنعت و پیداوارکے پارلیمانی سیکرٹری راؤاجمل نے ایوان زیریں میں انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر ملنے والی اشیاء پر سبسڈی ختم کر دی ہے ہم نے حکومت کو یہ سفارشات بھیجی ہیں کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے چینی تیل اور گھی پر سبسڈی فراہم کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن اسمبلی عمران ظفر لغاری ،سید غلام مصطفی ،شاہدہ رحمانی اور عبدالستاربچانی کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی نہ دینے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 2007میں ملک کے دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں 5ہزار سے زائد یوٹیلیٹی سٹور بنے ہیں اور یہ جنوبی ایشیاء کی سب سے بڑی آرگنائزیشن ہے جس میں14ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز پر کسی بھی قسم کی سبسڈی نہیں دی جا رہی ہے لہذا اس معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے رکن اسمبلی عبدالستار بچانی نے کہاکہ اگر یوٹیلیٹی سٹور پر سبسڈی نہ دی جائے تو اس کا کیا مقصد ہے جس پر پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ ہم نے حکومت کو یہ تجویز دی ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر کم قیمت اشیاء فراہم کی جائیں مگر 2014سے سبسڈی ختم کر دی گئی ہے رکن اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر غیر معیاری اشیاء صرف ملتی ہیں بہت سارے علاقوں میں یوٹیلیٹی سٹورز کی ضرورت ہے جس پر پارلیمانی سیکرٹری راو اجمل نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر ملنے والی اشیاء معیاری ہوتی ہیں اگر کسی بھی علاقے میں قائم یوٹیلیٹی سٹور پر غیر معیاری اشیاء مل رہی ہیں تو اس کی نشاندھی کریں ہم ان کے خلاف کاروائی کریں گے انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی آٹے تیل اور گھی پر رعایت ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :