شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل داغ دیا ،میزائل نے8سوکلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا،امر یکہ کا اظہا ر تشویش، ایسے اقدا ما ت سے خطے میں کشیدگی بڑ ھ سکتی ہے ، امر یکی حکام

ہفتہ 19 مارچ 2016 10:13

پیا نگ یا نگ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء)شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل داغ دیا جس نے8سوکلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے مشرقی ساحل پر سمندر میں ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ یہ تجربہ کم جونگ کے بیان کے ایک دن بعد کیا گیا جن میں انہوں نے مزید ایٹمی وار ہیڈ اور میزائل تجربوں کا حکم دیا۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق جنوب مغربی سرحد کے قریب سکچون سے یہ میزائل فائر کیا گیا جس نے8سوکلومیٹر(5سو میل) کے فاصلے پر مشرقی سمندر میں گرا،اس مقام کو’ سی آف جاپان‘ بھی کہا جاتاہے۔ -امریکی محکمہ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایک دوسرا میزائل بھی داغا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا نیوز ایجنسی کے مطابق، دوسرا میزائل درمیانی فاصلے کا روڈوگ میزائل تھا، جسے سڑک پر چلنے والی کسی گاڑی سے چھوڑا گیا۔

روڈوگ 1،300 کلومیٹر دور تک جا سکتا ہے اور اس کی زد میں جنوبی کوریا اور جاپان کے کچھ حصے آ سکتے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع کی لیفٹیننٹ کرنل مشیل بیلڈاذا نے کہا، ’ہم شمالی کوریا کو ان کی کارروائیوں سے پرہیز کی اپیل کرتے ہیں، جن سے علاقے میں کشیدگی اور بڑھ سکتی ہے۔‘اس سے پہلے امریکی صدر براک اوباما نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کا ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا۔

یہ حکم شمالی کوریا کی جانب سے 6 جنوری 2016 کو کیے گئے مبینہ جوہری تجربے اور 7 فروری کے سیٹلائٹ لانچ کے بعد جاری کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی امریکہ میں شمالی کوریا کی حکومت کے اثاثے ضبط کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا میں امریکی سرمایہ کاری اور وہاں سے کسی طرح کی درآمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔شمالی کوریا سے تعلق رکھنے پر غیر امریکیوں سمیت کسی بھی شخص کو بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے۔