نیب کی وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کی خبروں کی سختی سے تردید،وزیراعظم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات بارے خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے، انفرادی مقدمات کو میڈیا میں زیر بحث نہ لانے کی پالیسی پر قائم اور غیر ذمہ دارانہ عناصر کی صحافت کی آڑ میں سنسنی خیز افواہوں سے با خبر ہیں ، ذمہ دارانہ صحافت کی اصل روح کے مطابق تصدیق کے بعد خبر جاری ہونی چاہیئے ، نیب کا بیان

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء)قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جاری کی گئی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے، جمعہ کو نیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کی خبر بے بنیاد ہے ۔

(جاری ہے)

انفرادی مقدمات کو میڈیا میں زیر بحث نہ لانے کی پالیسی پر قائم ہیں ، غیر ذمہ دارانہ عناصر کی صحافت کی آڑ میں سنسنی خیز افواہوں سے با خبر ہیں ، یہ حقیقت واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کوئی اقدام زیر غور نہیں ، نیب کا کہنا ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت کی اصل روح کے مطابق تصدیق کے بعد خبر جاری ہونی چاہیئے ، نیب توقع کرتا ہے کہ ذمہ دارانہ صحافت کے حصول مد نظر رکھے جائیں گے ۔