وزیراعظم کا رانا ثناء الله کے مولانا فضل الرحمن ایم این اے بارے بیان پر اظہار برہمی

بدھ 16 مارچ 2016 10:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16مارچ۔2016ء) وزیراعظم نوا ز شریف نے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء الله کے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ایم این اے کے بارے میں گزشتہ روز دیئے گئے بیان پر برہمی اظہار کیا ہے ۔ خبر رساں ادارے کو انتہائی باوثوق ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله کے اس بیان سے نہ صرف ملک کی تمام دینی سیاسی جماعتوں نے برا منایا بلکہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے دوران اس بل کے بارے میں بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں ترمیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔

مگر صوبائی وزیر قانون نے وزیراعظم کے بیان کو پس پشت ڈالتے ہوئے گزشتہ روز فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بل میں ترمیم کی یقین دہانی کراتے ہوئے مولانا فضل الرحمن جو کہ حکومت کے اتحاد ہیں کی تضحیک کی اور ان کی گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ انہیں خواتین نسواں بل میں کڑا نہ بنانے کی آزادی کے بارے میں خوشخبری سنائی جس کا وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے نہ صرف برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ تمام مذہبی جماعتوں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله کے بیان کو نہ صرف شرمناک قرار دیا بلکہ آئندہ حکومت سے مذاکرات کے دوران وزیر قانون پنجاب کی برطرفی کا مطالبہ سرفہرست ہوگا جو کہ صوبائی وزیر قانون کے بارے میں پہلے ہی دہشت گردوں کے سہولت کار ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر الزامات عائد ہوچکے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگر اس سلسلہ میں معاملہ سنگین صورتحال اختیار کی تو صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله کو وزارت سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔