ایف بی کا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس سے چھوٹ دینے پر غور شروع ،جلد رپورٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی

منگل 15 مارچ 2016 09:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15مارچ۔2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس سے چھوٹ دینے پر غور شروع کردیا ہے جلد اس حوالے سے رپورٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کروڑوں روپے کمانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹیکس چھوٹ دینے کے حوالے سے غور وحوض شروع کردیا ہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ ہفتے چیف ایگزیکٹو پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر کو اس حوالے سے غور حوض کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے اس معاملہ کی جانچ پڑتال کرنا شروع کردی ہے ذائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کا فیصلہ ان کی جانب سے ماضی میں جمع کروائے گئے ٹیکس کی بنیاد پر کیاجائے گا ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی ٹیکس دینے سے گریزاں نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سولہ میں سے آٹھ کرکٹر نے انکم ٹیکس ریٹرن اور اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کروائے جبکہ جن کھلاڑیوں نے جمع کروائے ہیں ان کے اثاثہ جات کی مالیت ان کی دکھائی گئی آمدنی سے کئی زیادہ ہے دو ہزار پندرہ کے دوران ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کوچ وقار یونس ، یونس خان ، عماد وسیم فواد عالم نے کوئی ٹیکس جمع نہیں کروایا دو ہزار پندرہ میں ٹیکس دینے والے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ، شعیب ملک ، شاہد آفریدی اور عمر اکمل شامل ہیں کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیکس دینے اور گوشوارے جمع کروانے کے حوالے سے جامع رپورٹ چیئرمین ایف بی آر کو پیش کی جائے گی جس کے بعد ٹیکس رپورٹ دینے کا فیصلہ اعلیٰ حکام کرینگے

متعلقہ عنوان :