میرے لئے پاکستان عوام سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ،میری پہچان پاکستان سے ہے ،میرے بیان کو مثبت انداز میں لیا جائے،شاہد آفریدی

منگل 15 مارچ 2016 09:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15مارچ۔2016ء)پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھارت میں دیئے گئے اپنے بیان کے بارے میں میڈیا کو وضاحت جاری کردی ۔شاہد آفریدی نے بھارت میں بیان دیا تھا کہ پاکستان ٹیم کو بھارت میں پاکستان سے زیادہ پیار ملتا ہے جس پر نہ صرف انہیں پاکستان کے ایک سینئر ایڈووکیٹ کی طرف سے قانونی نوٹس بھجوایا گیا بلکہ پورے پاکستان میں ان کے بیان پر تنقید کی جارہی ہے۔

شاہد آفریدی کا وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ وہ نہ صرف پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں بلکہ پاکستان عوام کی طرف سے بھارت آئے ہیں ۔میرے بیان کو مثبت انداز میں لیا جائے ۔میرے بیان کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میرے لئے پاکستانی عوام سے بڑھ کر کوئی ہے ۔میر ی پہچان اور سارا تعلق ہی پاکستان سے ہے میں نے تو دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ ہم لوگ بھارت میں کرکٹ سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم ،انضمام الحق ،وقار یونس اور عمران خان سے پوچھ لیں تو وہ بھی یہ ہی کہیں گے کہ بھارت میں کرکٹ کو بہت عزت دی جاتی ہے ۔وہاں کرکٹ کو پوجا جاتا ہے ۔یہاں کرکٹ مذہب ہے ۔میں نے تو ڈپلومیٹک بیان دیا ہے کہ پوری دنیا میں پیغام جائے کہ عوام چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں میں کرکٹ کھیلی جائے ۔کرکٹ نے ہی ہمیشہ لوگوں کو ملایا ہے ۔بھارت اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ کرکٹ سے ہی بہتر ہوئے ہیں ْ۔میں نے ایک مثبت پیغام دیا ہے اپنے ملک کی طرف سے ۔جو شخص میرے بیان کو منفی انداز میں سوچے گا تو اسے میری بات منفی لگے گی لیکن میں نے مثبت انداز میں بیان دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :