اسلام آباد،وزارت خارجہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اہلخانہ سے ملاقات اور پاکستانی جیل میں منتقلی بارے رپورٹ جمع کرادی،حکومت نے امریکہ سے عافیہ صدیقی کی پاکستان میں منتقلی کا معاملہ اٹھایا ،قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث کوئی پیش رفت نہ ہوسکی،رپورٹ

منگل 15 مارچ 2016 09:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اہلخانہ سے ملاقات اور پاکستانی جیل میں منتقلی کے حوالے سے دائر کیس میں وزارت خارجہ نے رپورٹ جمع کرادی ۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث عافیہ صدیقی کو پاکستان منتقل نہیں کیا جاسکتا گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ارشد باجوہ جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود عدالت میں پیش ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وزارت خارجہ کی جانب سے عافیہ صدیقی کی امریکہ سے پاکستان منتقلی کیلئے کوششوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی راجہ خالد محمود نے عدالت میں بتایا کہ حکومت نے سفارتی سطح پر امریکہ سے عافیہ صدیقی کی پاکستان میں منتقلی کا معاملہ اٹھایا تھا امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو فی الحال پاکستان منتقل نہیں کیا جاسکتا عدالت کو بتایا گیا کہ عافیہ صدیقی کو حکومت پاکستان کی جانب سے وکلاء کی سہولت فراہم کی گئی تھی بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار سے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ممکنہ حل پر رائے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی