بھا رت میں کھیل کرخوشی ہورہی ہے، شاہد آفریدی ، ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے اور جیت کر اعتماد ملتا ہے، ہم بھارت میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے پاکستان کو بھی اچھی پرفارمنس دکھانی ہو گی، ایڈن گارڈن میں پریس کانفرنس، اچھا کھیل پیش کرنے کے لئے بھارت آئے ہیں اپنی قوم کو مایوس نہیں کرینگے، شعیب ملک

پیر 14 مارچ 2016 09:33

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء)پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت میں کھیل کرخوشی ہورہی ہے، کولکتہ میں ہمارا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے۔کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم ذہنی اورجسمانی طورپرپرتیارتھے کہ بھارت میچ کھیلنے جائیں گے اور یہاں کھیل کر خوشی محسوس ہوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے اور جیت کر اعتماد ملتا ہے، ہم بھارت میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کیا، ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے پاکستان کو بھی اچھی پرفارمنس دکھانی ہو گی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ تو کرکٹ ہی ہے‘ مانتا ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہم پر بہت دباوٴ ہو گا لیکن کرکٹ میں ایسا ہی ہوتا ہے‘ ہماری کوشش ہو گی کہ دباؤ کے باوجود اچھی کرکٹ کھیلیں۔

(جاری ہے)

البتہ کولکتہ میں ہمارا ٹریک ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہت کم ممالک ایسے ہیں جہاں کرکٹ کھیلنے کا مزہ آتا ہے، بھارت میں کرکٹ کھیل کر ہمیشہ مزہ آتا ہے‘ پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے پر اعتماد نظر آئے۔ اس موقع پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے ایشیا کپ میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے لیکن یہ ایک علیحدہ ٹورنامنٹ ہے اور ہم اچھا کھیل پیش کرنے کے لئے بھارت آئے ہیں اور انشاء اللہ اپنی قوم کو مایوس نہیں کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اسپنر اپنے کیرئیر کا آغار کیا لیکن پھر بلے باز کا روپ دھارا، ہر نمبر پر بیٹنگ کی ہے اور ٹیم کے لئے ہر وقت تیار ہوں، شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری بیوی کا تعلق بھارت سے ہے اس لئے بھارت میں میرے لئے کبھی بھی سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں رہا۔اس سے قبل گرین شرٹس نے ایڈن گارڈنز میں بھرپور پریکٹس کی، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ورلڈ ٹی20میں پاکستان کا پہلا میچ 16 مارچ کو ہو گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا اہم ترین میچ ایڈن گارڈن میں 19 مارچ کو کھیلا جائے گا۔