کشمیر ہاؤس میں کمرہ نہ ملنے پر وزیر جنگلات آزادکشمیر نے بیگم کے ہمراہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہنگامہ کھڑا کر دیا،سردار جاوید ایوب کی ریسٹ ہاؤس ملازمین کو گالیاں اور دھمکیاں ،وزیر حکومت کے نازیبا رویے پر کچن عملے نے گزشتہ 36 گھنٹوں سے کام کرنا چھوڑ دیا

پیر 14 مارچ 2016 09:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء) آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے اپنی بیگم صدف شیخ کے ہمراہ کشمیر ہاؤس میں کمرہ نہ ملنے پر مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہنگامہ کھڑا کر دیا‘ ریسٹ ہاؤس کے ملازمین کو اپنے سیکورٹی گارڈز کے ہمراہ گالیاں اور دھمکیاں دیتے رہے۔ کچن کے عملے نے گزشتہ 36 گھنٹوں سے وزیر حکومت کی جانب سے نازیبا رویہ اختیار کرنے پر احتجاجاً کام کرنا چھوڑ دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ کی شرکت کے بعد وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے اپنی بیگم وزیر سپورٹس اینڈ کلچر صدف شیخ کے ہمراہ کشمیر ہاؤس کے ریسٹ ہاؤس میں تین کمرے بک کروائے ہوئے تھے تاہم وہ ایک اپنے قریبی عزیز کے لئے جس کے ہمراہ ایک لڑکی بھی تھی کمرہ بک کروانا چاہتے تھے مگر جگہ نہ ہونے کے باعث ریسٹ ہاؤس کے سٹاف نے کمرہ دینے سے جب انکار کیا تو انہوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ افسر سمیت تمام ملازمین کو قتل و سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے۔ بعد ازاں رات دو بجے کے قریب انہوں نے اپنے سیکورٹی گارڈ کے ہمراہ اسلحے سمیت پھر سے ہنگامہ کھڑا کر دیا اور رات گئے تک گالی گلوچ کرتے رہے۔ اس واقعہ کے بعد وہ رات کی تاریکی میں اسلام آباد سے مظفر آباد روانہ ہو گئے۔