ٹرمپ کی ریلی اوہائیو میں دوبار بدنظمی کا شکار ، مشتعل شخص کی اسٹیج پر چڑھ کرٹرمپ پرحملے کی کوشش، اہلکاروں نے احتجاج کرنے پر کئی مظاہرین کو ریلی سے باہر نکال دیا

پیر 14 مارچ 2016 09:54

ونڈالیا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اوہائیو میں انتخابی ریلی دوبار بدنظمی کا شکار ہو گئی۔ایک جلسے میں مظاہرین میں سے ایک نے اسٹیج پر چڑھ کرٹرمپ پرحملے کی کوشش کی تودوسری جگہ بھی نعرے بازی نے ان کیلیے جلسہ کرنامشکل کردیا۔ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے نفرت انگیز بیانات کے باعث انتخابی جلسے اور ریلیاں منعقد کرنا مشکل ہو گیا۔

شکاگو میں ٹرمپ کو اپنے حامیوں اور مخالفین میں جھگڑے کے بعد ریلی منسوخ کر نا پڑی تھی۔تازہ واقعہ اوہائیو میں ریلی کے دوران پیش آیاجہاں مظاہرین نے ٹرمپ کو پریشان کردیا۔ ونڈالیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی سے خطاب کے دوران ایک شخص نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی، تاہم سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے بروقت اسے قابو کر لیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کو بال بال بچا لیا۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کی ہوائیاں اڑ گئیں، تاہم چند لمحوں بعد جب اوسان بحال ہو ئے تو بولے اگر اہلکار حملہ آور کو قابو نہ کرتے تووہ حملہ آور سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔مظاہرین کی جانب سے احتجاج کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی بار اپنی تقریر روکنی پڑی۔ سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے احتجاج کرنے پر کئی مظاہرین کو ریلی سے باہر نکال دیا۔ٹرمپ اوہائیوہی کے شہر کلیولینڈ گئے تو مظاہرین نے وہاں بھی ان کا پیچھا نہ چھوڑا، جس پر ٹرمپ نے مظاہرین کو صدارتی امیدوار بننے کے ڈیموکریٹ خواہشمند برنی سینڈرز کا حامی قرار دیتے ہوئے جلسے سے باہر نکلوا دیا۔

ڈونلڈٹرمپ کااوہائیومیں مقامی ری پبلکن گورنر اور صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند جان کیسک سے سخت مقابلہ ہے اور ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ ان کے خلاف کیے جانے والے مظاہرے ان کی ہار کے بجائے جیت کا سبب بنیں گے۔ادھر صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہلیری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ عنوان :