اتحادی حکومت کا لیبیا میں اقتدار میں آنے کا دعویٰ، بین الاقوامی برادری لیبیا میں حریف قوتوں سے معاملات ختم کر دیں۔ صدارتی کونسل کی عالمی برادری سے اپیل

پیر 14 مارچ 2016 09:53

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء) لیبیا میں اب تک دو حکومتیں اقتدار کا دعویٰ کرتی رہی ہیں لیکن اب اقوام متحدہ کی ثالثی میں ایک اتحاد کی حکومت سازی کی کوشش جاری ہے تیونس میں قائم اقوام متحدہ کی حمایت والی لیبیا کی صدارتی کونسل نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ لیبیا میں حریف قوتوں سے معاملات ختم کر دیں۔گذشتہ مہینے کونسل نے ایک اتحادی حکومت نامزد کی تھی لیکن کابینہ کی منظوری تاخیر کا شکار ہے۔

سنہ 2011 میں کرنل معمر قذافی کے زوال کے بعد سنہ 2014 سے لیبیا میں دو حکومتیں اقتدار حاصل کرنے کا دعویٰ کرتی رہی ہیں۔تبروک میں مشرقی ایوان نمائندگان (ایچ او آر) ابھی تک اتحاد کی حکومت کی توثیق کرنے سے قاصر رہی ہے۔ ہفتے کو کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ ایچ او آر کے اراکین کی اکثریت نے حکومت کی حمایت والی دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں اور پولیٹیکل ڈائیلاگ ٹیم نے بھی اس کی حمایت کی ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ ’کام شروع کرنے کے لیے ہری جھنڈی دکھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

‘بہر حال اس سے قبل جمعرات کو لیبیا کی پولیٹیکل ڈائیلاگ ٹیم، جس میں لیبیا کی سیاسی شخصیات شامل ہیں، اور دونوں حریف پارلیمانوں کے بعض اراکین اس سمت میں راہ ہموار کرنے کے لیے تیار نظر نہیں آ رہے تھے۔ لیبیا تیل کے وسائل سے مالا مال ملک ہے دوسری جانب سیاسی اور سکیورٹی سطح پر ملک میں موجود خلا نے جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ کو شمالی افریقی ملک میں اپنے قدم جمانے کا موقع فراہم کیا ہے اور یہ شہروں اور تیل کی تنصیبات پر حملے کر رہی ہے۔

کرنل معمر قذافی کے بعد سے ملک کی صورت حال غیر مستحکم ہے کونسل کا قیام اقوام متحدہ کی ثالثی میں ایک معاہدے کے نتیجے میں دسمبر میں عمل میں آیا تھا۔ اس کی پہلی تجویز اختلاف کا شکار ہو گئی تھی کہ کون سینئر سکیورٹی عہدہ سنبھالے گا۔کونسل کے اراکین ابھی بھی لیبیا سے باہر کام کر رہے ہیں کیونکہ دارالحکومت تریپولی میں موجود دونوں متحارب حکومتیں اور ان کے حامی ملیشیا کسی سیاسی اتحاد کے خلاف ہیں۔