پاک، بھارت میچ کولکتہ منتقل ہونے کے بعد دھرم شالہ حکام کو ایک اوربڑا جھٹکا،بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمئر لیگ کے تمام میچز بھی دھرم شالہ سے منتقل کر دیئے

اتوار 13 مارچ 2016 10:22

دھرم شالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء) ورلڈ ٹی 20 میں پاک، بھارت میچ کولکتہ منتقل ہونے کے بعد دھرم شالہ حکام کو ایک اوربڑا جھٹکا لگ گیا ہے کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے تمام میچز بھی دھرم شالہ سے منتقل کر دیئے ہیں۔آئی پی ایل ٹیم ”کنگز الیون پنجاب“ نے دھرم شالہ کو اپنا ہوم گراؤنڈ منتخب کر رکھا تھا تاہم اب ٹیم انتظامیہ نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی کہ ان کی ٹیم کے دھرم شالہ میں ہونے والے تمام میچ ناگپور منتقل کر دیئے جائیں جسے بی سی سی آئی نے قبول کر لیا ہے کیونکہ آئی پی ایل کے جاری ہونے والے شیڈول میں دھرم شالہ کرکٹ سٹیڈیم کا کہیں بھی ذکر نہیں ہے۔

ہماچل پردیش کی حکومت آئی پی ایل کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو سیکیورٹی اور سہولیات مہیا کرنے کیلئے بھاری معاوضہ لیتی ہے اور اس کے علاوہ انٹرٹینمنٹ ٹیکس کی مد میں بھی یہ بڑی رقم وصول کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کنگز الیون پنجاب نے ناگپور کو اپنا ہوم گراؤنڈ منتخب کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ناگپور کے سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو زیادہ ”گیٹ منی“ حاصل ہو سکے گی۔ کنگز الیون پنجاب نے یہ تمام تر باتیں تحریری طور پر بی سی سی آئی کے گوش گزار کی تھیں اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے کنگز الیون پنجاب کے موقف کو تسلیم بھی کر لیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی دھرم شالہ میں آئی پی ایل کا کوئی میچ منعقد نہیں ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :