ورلڈ کپ کا سفر شروع، پاکستانی شاہینوں کی بھارتی سرزمین پرلینڈنگ ، سارو گنگولی نے استقبال کیا ،کولکتہ ائرپورٹ پر گرین شرٹس کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات ، فوجی دستے تعینات ، مسلح افواج کے حصار میں بلٹ پروف بس کے ذریعے ہوٹل پہنچایا گیا ، وزیراعلیٰ ممتا بینر جی براہ راست سکیورٹی کی نگرانی کی ، میزبانی دکھانے کا بہترین موقع ہے ، بھارت میچ کرانے کیلئے تیار ہیں ، سارو گنگولی ،پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی

اتوار 13 مارچ 2016 10:19

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ ٹی 20 میں شرکت کے لئے کولکتہ پہنچ گئی ، سارو گنگولی نے استقبال کیا ، ائرپورٹ پر سخت سکیورٹی بھارتی مسلح افواج کے دستے کے حصار میں بلٹ پروف بس کے ذریعے ٹیم کو ہوٹل پہنچایا گیا ، وزیراعلیٰ ممتا بینر جی براہ راست سکیورٹی کی نگرانی کی ۔تفصیلات کے مطابق 25رکنی وفد پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم ہفتہ کے روز دبئی کے راستے غیر ملکی ایئر لائن ای ٹی ڈی 256 کے ذریعے کولکتہ ائرپورٹ پہنچی تو ایئرپورٹ پر سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی نے پاکستانی ٹیم کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر کولکتہ ائرپورٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کے ساتھ فوج کا ایک دستہ بھی تعینات تھا پاکستانی ٹیم کے لئے بلٹ پروف بس لائی گئی تھی اور اس بس میں ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پولیس اور نیم فوجی دستوں کے حفاظتی حصار میں تاج ہوٹل پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ ممتا بینر جی براہ راست سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتی رہی ۔

پاکستانی ٹیم آج اتوار کو سری لنکا کے ساتھ وارم اپ میچ کھیلے گی ۔ائرپورٹ پر سارو گنگولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ کی میزبانی کے لئے تیار ہیں اور یہ میزبنی دکھانے کا بہترین موقع ہے پاک بھارت میچ کے لئے بہترین انتظامات کرینگے بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ٹیم کو سربراہان مملکت کے برابر سکیورٹی دی گئی ہے ۔پاکستا ن کی کرکٹ ٹیم ہفتہ کی شام کولکتہ پہنچ گئی۔

ٹیم کی کولکتہ آمد پر انہیں فول پروف سیکورٹی مہیا کی گئی بھارت حکام اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سروو گنگولی نے قومی کرکٹ ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔ ٹیم کے لئے تاج ہوٹل میں ٹھہرنے کا بندوبست کیا گیا ہے اورہوٹل کی سیکورٹی کو مذید سخت کردیا گیا۔پولیس اور حساس اداروں کے دستوں نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا۔ٹیم ہفتہ کی علی الصبح لاہور سے ابوظہبی روانہ ہوئی اور پھر وہاں سے شام کولکتہ پہنچ گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل 15 کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی (کپتان ) ،سرفراز احمد (نائب کپتان )،احمد شہزاد ،شرجیل خان ،محمد نواز ،شعیب ملک ،محمد حفیظ ،عمر اکمل، عماد وسیم ،انور علی ،محمد عرفان ،محمد عامر، وہاب ریاض ،محمد سمیع اور خالد لطیف شامل ہیں ۔ ٹیم مینجمنٹ میں انتخاب عالم ( مینجر)،وقار یونس ( ہیڈ کوچ )،اظہرمحمود ( بولنگ کوچ )،گرانٹ ولیم فلاور ( بیٹنگ کوچ )،گرانٹ لوڈن (فیلڈنگ کوچ)،شاہد اسلم ( اسسٹنٹ ٹیم مینجر)،ڈاکٹر سہیل سلیم (فزیو تھراپسٹ،)کرنل (ر) اعظم خان ( سیکورٹی مینجر )،آغا اکبر (میڈیا مینجر )،طلحہ اعجاز اینالسٹ ،ملنگ علی ( مساجر)شامل ہیں۔

ٹیم سوموار کو سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔ورلڈ کپ میں ٹیم کا پہلا میچ 16مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ایڈن گارڈن کولکتہ میں ہوگا اور اس کے بعد 19مارچ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین ایڈن گارڈن میں مقابلہ ہوگا ۔علاوہ ازیں .ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے ہفتہ کی علی الصبح بھارت روانہ ہونے سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے کپتان شاہد آفریدی ،ہیڈ کوچ وقار یونس اور مینجر انتخاب عالم نے انہیں علیحدہ علیحدہ لیکچرز دیئے ۔

کپتان شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کو کہا کہ وہ ہار جیت کے دباؤ کو ذہن سے نکال کر اپنا فوکس صرف اور صرف کرکٹ کی طرف رکھیں ۔ہر میچ کو فائنل سمجھ کر اپنی 100فی صد پرفارمنس دینے کی بھرپور کوشش کریں اور نتیجہ اللہ تعالی کی ذات پر چھوڑ دیں اور اللہ ہماری محنت کو رائیگاں نہیں جانے دے گا ۔ٹیم کے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ بلے بازوں کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی ۔

ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہاکہ ٹیم کے کھلاڑی ایشیا کپ کی شکست کو ذہن سے نکال کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی طرف اپنا فوکس رکھیں ۔پوری قوم کی نظریں پاکستان کی ٹیم پر ہیں اور ہمیں ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا ہوں گے ۔ٹیم مینجر انتخاب عالم نے کہاکہ قومی ٹیم نے جس طرح ایشیا کپ میں بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے کہ وہ بھارت میں بھی ایسے ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ ،کپتان اور مینجر کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ادھرپاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم براستہ دبئی بھارتی شہر چنئی پہنچی ہے اور اس موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ ٹوینٹی میں شرکت کیلئے کولکتہ ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے جہاں وزیراعلیٰ بنگال ممتابینر جی اور سارو گنگولی نے قومی ٹیم کا استقبال کیاہے اور پاکستانی ٹیم کو بلٹ پروف بس کے ذریعے تاج ہوٹل پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :