اورکزئی ایجنسی،کوئلے کی کان بیٹھ جانے سے 7 مزدور جاں بحق ، 10 کو نکال لیا گیا 48 کو نکالنے کا کام جاری ،وفاق اور صوبائی حکومتیں امدادی کارروائیوں کیلئے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو نکالا جاسکے‘صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی کی اپیل،خیبر پی کے میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ، چھتیں گرنے سے کم از کم 7 افراد جاں بحق، 8 زخمی ، ایمرجنسی نافذ،نکاسی آب عملے کی چھٹیاں منسوخ ، آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان

اتوار 13 مارچ 2016 10:57

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء) اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں کوئلے کی کان بیٹھ جانے سے 7 مزدور جاں بحق ہوگئے‘ 10 کو نکال لیا گیا جبکہ 48 کو نکالنے کا کام جاری ہے صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔ ہفتہ کے روز شدید بارش کے باعث لوئر اوکرزئی کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا اور کان بیتھ گئی جس میں متعدد مزدور پھنس گئے کان دبنے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور سات لاشیں اور دس زخمیوں کو نکال کر کوہاٹ کے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے میڈیا کو بتایا کہ کوئلے کی کان دھماکے اور بارش کے باعث بیتھ گئی ہے۔ کان میں 65 مزدور کام کررہے تھے اس علاقے میں مناسب بندوبست نہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ کان سے 7 لاشیں اور دس زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امدادی کارروائیوں کیلئے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو نکالا جاسکے۔

(جاری ہے)

ادھرخیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ، چھتیں گرنے سے کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث ایم ڈی پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی نافذکردی ہے۔

نکاسی آب عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کے پی کے کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے باڑہ علاقے اکا خیل میں گھر کی چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ مہمند ایجنسی کے علاقے سکڑوھ میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہوگئے۔ سوات ‘ شانگلہ‘ چترال میں مسلسل بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ان علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث علاقے میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان کے ڈی جی پی ڈی ایم اے زاہد سلیم کا کہنا تھا کہ مسلسل شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور بجلی کے کھنبے گرنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں جبکہ سڑکیں بھی متاثر ہوئے ہیں پی ڈی ایم اے سڑکوں کی بحالی میں مصروف عمل ہے ایم ڈی پی ڈی ایم اے راولپنڈی کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے نکاسی آب عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں عملہ نکاسی آب کے کاموں میں مصروف عمل ہے۔