ایف آئی اے نے مصطفی کمال اور سرفراز مرچنٹ سے رابطہ کیا،آئندہ 24 گھنٹوں میں ملاقات متوقع ، منی لانڈرنگ کیس میں وفاق کا سرفراز مرچنٹ کے ساتھ مصطفی کمال کو بھی متحدہ کے خلاف سلطانی گواہ بنانے کا فیصلہ

اتوار 13 مارچ 2016 10:57

اسلام آباد/ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء) ایف آئی اے نے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ا یم کے راہنما سرفراز مرچنٹ سے رابطہ کیا ۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں ایف آئی اے حکام اور مصطفیٰ کمال کی ملاقات متوقع ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز ایف آئی اے نے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم کے راہنما سرفراز مرچنٹ سے لندن میں بات چیت ہوئی سرفراز مرچنٹ کو پاکستان آنے کی دعوت دی ۔

جس پر سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ وہ سوموار تک اپنے قانونی معاونین سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے کراچی میں مصطفیٰ کمال سے رابطہ کیا ایف آئی اے کی انکوائری میں تعاون کرنے کی دعوت دی آئندہ 24 گھنٹوں میں ایف آئی حکام اور مصطفیٰ کمال کی ملاقات متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

ادھروفاقی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سرفراز مرچنٹ کے ساتھ ساتھ مصطفی کمال کو بھی سلطانی گواہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ہفتہ کے روز ایف آئی اے کے ڈائریکٹر تفتیش انعام غنی نے لندن میں سرفراز مرچنٹ سے بات کی جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے مصطفی کمال سے مسلسل رابطہ کیا ہے ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مصطفی کمال نے مشروط طور پر منی لانڈرنگ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ان کی ایک ہی شرط ہے کہ اگر سرفراز مرچنٹ آکر گواہی دیتے ہیں تو وہ بھی گواہی کے لیے تیار ہیں ایف آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ سرفراز مرچنٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے تفتیش اسلام آباد انعام غنی کو مکمل یقین دلایا ہے کہ وہ اپنے قانونی مشیروں کے ساتھ صلاح مشوروں کے بعد ضرور پاکستان آکر گواہی دیں گے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے، ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی ایک ٹیم چارروز سے کراچی میں کچھ منی چینجز اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں سے رابطہ کیے ہیں تاکہ اس تحقیقات کا حتمی نتیجہ نکل سکے، ایف آئی اے نے بینکوں سے بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :