بھارت نے پاکستانی شائقین کیلئے ویزہ پالیسی نرم کرنے کا اعلان کردیا ، 65 سال سے زائد ، 15 سے کم عمر والے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کرنے سے مستثنی ، ویزا جاری کرتے وقت بھارتی حکام ریٹرن ائیر ٹکٹ طلب نہیں کریں گے،مداحوں کو ایک سے زائد شہرو ں کا قلیل مدتی ویزا جاری کیا جائے گا، پالیسی

ہفتہ 12 مارچ 2016 09:18

نئی دہلی، اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12مارچ۔2016ء)بھارت کی جانب سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران پاک، بھارت میچ سے لطف اندوز ہونے والے پاکستانی شائقین کے لئے ویزا انتظامات میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، واضح رہے کہ اس سے پہلے دھرم شالہ سے کولکتہ پاک بھارت میچ منتقل ہونے پر شائقین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ویزا نرمی پالیسی کے مطابق 65 سال سے زائد اور 15 سے کم عمر والے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کرنے سے مستثنی ہونگے، ویزا جاری کرتے وقت بھارتی حکام ریٹرن ائیر ٹکٹ طلب نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

مداحوں کو ایک سے زائد شہرو ں کا قلیل مدتی ویزا جاری کیا جائے گا۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق جن پاکستانی مداحوں نے دھرم شالہ کا ویزا لگوالیا تھا وہ اِسے کولکتہ کے ویزے میں تبدیل کرانے کیلئے پاکستان میں بھارتی مشنز سے رابطہ کرسکتے ہیں ، بھارت میچ کے ٹکٹس اور رہائش کی تفصیلات کی موجودگی میں پاکستانی مداحوں کو ان تمام شہروں کا ویزا دینے کو تیارہے جہاں پاکستان کے میچز ہونگے۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل یا فائنل تک پہنچی تو ویزوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :