ہندو انتہا پسند تنظیم کی کولکتہ میں پاک بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کی مخالفت پیچ کھودنے کی دھمکی

جمعرات 10 مارچ 2016 12:27

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء) ہندو انتہا پسند تنظیم اینٹی ٹیررسٹ فرنٹ آف انڈیا (اے ٹی ایف آئی ) نے کولکتہ میں پاک بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ایڈن گارڈن کی پیچ کھودنے کی دھمکی دیدی۔ بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسند تنظیم اینٹی ٹیریرسٹ فرنٹ آف انڈیا (اے ٹی ایف آئی ) کے صدر ویراش شیدلے نے دھمکی دی ہے کہ کولکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں پاک بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ میچ نہیں ہونے دینگے اگر میچ کرانے کی کوشش کی گئی تو پچ کھود دے گئے انتہا پسند تنظیم نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ممبئی ،پٹھانکوٹ اور پام پور حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جاتا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں نہیں کھیلنے دیں گے پاکستانی ٹیم کی میزبانی ہمارے بہادر فوجوں کی بے عزتی ہو گی ہم کسی صورت میچ نہیں ہونے دیں گے اور ایڈن گارڈن کی پچ کھود دیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل کرتے ہوئے میچ کولکتہ میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ویورچرڈسن نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھرم شالا میں ہونے والا پاک بھارت میچ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم منتقل کردیا گیا ہے جب کہ میچ کو پرامن بنانے کے لئے اس کا مقام باہمی مشاورت سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہماچل پردیش کے وزیراعلی کی جانب سے پاکستان ٹیم کو سیکیورٹی نہ دینے کے بعد اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے آئی سی سی کو خط بھی لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں سیکیورٹی معاملات سے مطمئن نہیں اور پی سی بی چاہتا ہے کہ پاک بھارت میچ دھرم شالا سے موہالی یا کولکتہ منتقل کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :