چاند نظرنہیں آیا، یکم جمادی الثانی کل جمعة المبارک 11مارچ کو ہوگی ، مفتی منیب الرحمن

جمعرات 10 مارچ 2016 09:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج جمادی الثانی 1437ئھ کا چاند نظرنہیں آیا اوریکم جمادی الثانی جمعة المبارک 11مارچ 2016ءء کو ہوگی ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مولانا اسددیوبندی ، قاری نذیر احمدنعیمی، مولانا صابر نورانی ،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید اور سپارکوسے غلام مصطفیٰ نے شرکت کی ۔ملک بھر میں کسی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، محکمہٴ موسمیات کے تمام مراکز ،جامعة الرشید شعبہٴ فلکیات کے تمام اسٹیشنز سے عدمِ رویت کی رپورٹ موصول ہوئی ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم جمادی الثانی جمعة المبارک11مارچ 2016ءء کو ہوگی ۔