رائے ونڈ، بیرون تبلیغی مرکز بازار میں ممکنہ دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظرتجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع ، آپریشن ریلوے روڈ سے سٹی پھاٹک تک کیا جائے گا

جمعرات 10 مارچ 2016 09:33

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدائت پر بیرون تبلیغی مرکز بازار میں ممکنہ دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظر اور ماڈل سٹی منصوبہ کی تکمیل کیلئے تجاوزات کا گرینڈ آپریشن شروع کیا جارہا ہے ،یہ آپریشن ریلوے روڈ سے سٹی پھاٹک تک کیا جائے گا جس کے دوران سڑک کو 220فٹ تک کشادہ کرکے سٹی پھاٹک پر کوٹ لکھپت کی طرز پر اوورہیڈ برج بنائے جانے کا منصوبہ فائنل ہوا ہے ،اوورہیڈ برج کی تعمیر کیلئے بھٹی چوک مانگا رائے ونڈروڈ قینچی اور سٹی پھاٹک لاہوررائے ونڈ روڈکے ارگرد کی تمام تجاوزات ختم کردی جائیں گی ،وزیر اعلیٰ کی طرف سے اس گرینڈ آپریشن کی نگرانی ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر کے سپرد کی گئی ہے ،جبکہ اقبال ٹاؤن ایڈمنسٹریشن کا عملہ اور پولیس ان کی ہدایات پر عمل کرنے کاپابندہوگا، ہنگامی بنیادوں پر ہونے والے اس گرینڈ آپریشن کا پروگرام تبلیغی جماعت کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل اور ان کے پرسنل سیکرٹری شبیر عثمانی کی گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ہونے والی خصوصی ملاقات کے دوران طے پایا تھا جس میں افضل کھوکھر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور بھی شریک تھے ۔آپریشن کسی بھی وقت شروع کیا جاسکتا ہے ،جو کہ اپنے مقاصد کے حصول تک رات دن جاری رہے گا،آپریشن کی بازگشت پر تبلیغی مرکز بازار میں ریلوے اور ضلع کونسل کی سرکاری جگہوں پر بیٹھے سینکڑوں قابضین میں کھلبلی مچ گئی ہے اور وہ اپنے بچاؤ کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق اس گرینڈ آپریشن کو ہرصورت مکمل کرنے کے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں اور مقامی میڈیا کوایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر کے میڈیا کوآرڈی نیٹر عاطف سبزواری صدر پریس کلب کی قیادت میں آپریشن پر کڑی نظر رکھنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :