متروکہ وقف املاک سمیت تمام اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے،صدیق الفاروق ،تمام تر کوششوں کے باوجود محکمہ میں مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہا،نیب کی کارروائی حق بجانب ہے،چیئرمین متروکہ وقف املاک کا قائمہ کمیٹی میں اعتراف، ننکانہ صاحب میں یاتریوں کو کمرے رشوت لیکر دیئے جاتے ہیں، رمیش لال ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی پر بحث آئندہ اجلاس تک ملتوی

جمعرات 10 مارچ 2016 09:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء) قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط میں چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے اعتراف کیا ہے کہ متروکہ وقف املاک سمیت پاکستان کے تمام اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے جس کی وجہ سے نیب نے کارروائیاں شروع کی ہیں سکھ اور ہندوؤں یاتریوں کے لئے مناسب رہائش کا انتظام کرنے کے لئے ننکانہ صاحب میں 200 سے زائد کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کا اجلاس نواب محمد یوسف تالپور کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں ہوا جس میں ممبران کمیٹی چودھری خادم حسین ، نجف عباس سیال ، کرن حیدر ، رائے حسن نواز خان ، آسیہ ناصر اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے شرکت کی ہے قومی اسمبلی کے ممبر رمیش لال نے چیئرمین متروکہ املاک سے سوال اٹھایا ہے کہ ننکانہ صاحب میں یاتریوں کے لئے بنائے گئے کمروں کو رشوت کے عوض دیئے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روم نمبر 378 میں رہائش پذیر سندھی ہندوؤں نے کہا کہ رشوت دے کر کمرہ حاصل کیا ہے اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے کوئی کمرہ میسر نہیں ہوتا ہے اس کے جواب میں چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام اداروں میں کرپشن ہے اور اس کرپشن سے کسی کو انکار نہیں ہے حتیٰ کہ نیب کی کارروائی حق بجانب ہے کیونکہ کرپشن کی روک تھام کے لئے نیب اپنی کارروائی بروقت کرے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک کی حالت زار سب کے علم میں ہے اور میں نے تمام تر کوششوں کے باوجود محکمہ میں مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہوں اور امید ہے کہ کچھ وقت میں تمام مسائل پر قابو پا لیا جائے گا ۔ ممبر قومی اسمبلی رمیش لال کو محکمہ کی طرف سے مناسب انتطامات مہیا نہ کرنے پر معذرت کی ہے اس موقع پر قومی اسمبلی کے ممبر نجف عباس سیال نے کہا کہ حج کے لئے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی میں کوٹہ دیا جاتا ہے اور یہاں اقلیتوں کو بھی یاتری کے لئے کوٹہ دیا جائے کمیٹی نے شیخ رشید احمد کا ایم این اے ہاسٹل کا حفاظتی دیوار تعمیر نہ کرنے پر سوال میں سی ڈی اے نے وقت مانگ لیا ہے اور آئندہ کمیٹی اجلاس میں تفصیلات جمع کرنے کی درخواست کی ہے کمیٹی میں قومی اسمبلی کے لئے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کے لئے طریقہ کار کو تبدیل اور قانون میں ترمیم لانے کی تجاویز پر بحث آئندہ کمیٹی اجلاس تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔